بھارتی فورسز اب کمسن بچوں کو نشانہ بنا کر اپنی بہادری دکھارہی ہیں‘ مشترکہ مزاحمتی قیادت

بھارتی حکومت کشمیریوں کا سیاسی سطح پر مقابلہ کرنے کے بجائے قتل و غارت کی پالیسی پر گامزن ہے

اتوار 8 جولائی 2018 12:40

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ مزاحمتی قیادت نے بھارتی فورسز کے ہاتھوں کشمیریوں کی مسلسل نسل کشی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فورسز اب کمسن بچوں کو نشانہ بنا کر اپنی بہادری دکھارہی ہیں۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مزاحمتی رہنمائوں سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ معصوم کشمیریوں کے مقدس خون سے سرزمین کشمیر کو لالہ زار بنانے کا عمل جاری ہے اور نہتے شہریوں کابے دردی سے خون بہایا جارہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہورہا ہے کہ بھارتی حکومت نے قابض فورسز کو ہدایت کی ہے کسی قسم کی جواب دہی کے تصور سے بالا تر ہوکر بھارتی جارحیت اور ظلم و جبر کیخلاف آواز بلند کرنے والے معصوم کشمیریوںکو صفحہ ہستی سے مٹا دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارتی حکومت مشترکہ مزاحمتی قیادت اور حریت پسند عوام کا سیاسی سطح پر مقابلہ کرنے کے بجائے قتل و غارت کا بازار کو گرم کرنے کی سامراجی پالیسی پر گامزن ہے جو انصاف پسند اقوام اورممالک کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔

مزاحمتی رہنمائوںنے محاصروں اورتلاشی کارروائیوں کے بہانے ہاوورہ کولگام میں پرامن مظاہرین پر راست فائرنگ کرکے قیامت صغریٰ برپا کرنے کی شدید مذمت کی ہے جس کے نتیجے میں 16سالہ طالبہ عندلیپ،20 سالہ ارشاد احمد لون اور 22 سالہ شاکر احمد کھانڈے شہیداور درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔مزاحمتی قیادت نے اس قتل عام کیخلاف آج مکمل ہڑتال کے ساتھ ساتھ نماز ظہر کے بعد شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔