Live Updates

جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میںقومی خزانہ لوٹنے والوں کو شکست دیں گے، 1970ء کے بعد تاریخ کا سب سے بڑا سونامی آئے گا جس سے بڑے بڑے برج الٹ جائیں گے،الیکشن کے بعد دنیا کا بہترین بلدیاتی نظام متعارف کرائیں گے ، تھانہ کچہری کے فرسودہ کلچر سے نجات دلانے کیلئے پولیس سسٹم میں تبدیلی لائی جائے گی،اس بار لوگ نظریہ کی بنیاد پر تحریک انصاف کو ووٹ دیں،جھنگ جیسے پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے تمام وسا ئل بروئے کار لائیں گے

عمران خان کا جھنگ میں جلسہ عام سے خطاب

اتوار 15 جولائی 2018 23:20

# جھنگ ۔15جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام ملک میں تبدیلی کیلئے نکل کھڑے ہوئے ہیں اور ان کی محنت اورہمت سے 25جولائی کو ملک میں 1970ء کے بعد تاریخ کا سب سے بڑا سونامی آئے گا جس میں بڑے بڑے برج الٹ جائیں گے اور 30سال تک عوام بلا شرکت غیرے حکومت کرنے والوں کو عبرت ناک شکست ہو گی جبکہ عوام کے مسائل ہنگامی سطح پر حل کیا جائے گا، بجٹ کی فراہمی کیلئے ایسا مثالی اور سوئٹزر لینڈ کی طرز پر دنیا کا بہترین بلدیاتی نظام لائیں گے جس میں وفاق کے وسائل صوبوں کو ، صوبے اپنے وسائل ضلعی حکومتوں کو اور ضلعی حکومتیں اپنے وسائل براہ راست بلدیاتی اداروں کو منتقل کر سکیں گے عوام کی ضروریات کے مطابق بلدیاتی ادارے طے کریں گے کہ ان کے کس قسم کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح عوام کو تھانہ کچہری کے فرسودہ کلچر سے نجات دلانے کیلئے پولیس سسٹم میں تبدیلی لائی جائے گی اور کے پی کے کی طرز پر پولیس کو غیر سیاسی ، غیر جانبدار اور کرپشن فری بنا دیا جائے گا تاہم اس کیلئے ضروری ہے کہ 25جولائی کو عوام اپنی تمام رشتہ داریوں ، خاندانوں اور برادریوں سے بالا تر ہو کر نظریے کو ووٹ دیتے ہوئے بلے پر مہر لگائیں تاکہ ملک میں تبدیلی کا حقیقی آغاز ہو سکے۔

اتوار کی شام مائی ہیر سٹیڈیم جھنگ میں بڑے انتخابی جلسے سے خطاب کے دوران انہوںنے کہا کہ جو ملک ہم سے بعد میں آزاد ہوئے وہ مغربی جمہوریت کی طرز پر ہم سے آگے نکل گئے کیونکہ اس طرز جمہوریت میں وزیر اعظم یا وزیر اعلیٰ بادشاہ نہیں ہو تاکہ وہ اسلام آباد ، لاہور میں بیٹھ کر جو چاہے فیصلہ کر لے ۔انہوںنے کہا کہ ایسا صرف پاکستان میں ہی ہو رہا ہے کہ جہاں جاتے ہیں وہاں کہیں یونیورسٹی کہیں میڈیکل کالج کہیں میٹرو بس کہیں ہسپتال اور کہیں دیگر میگا پراجیکٹس کا اعلان کر دیتے ہیں مگر ان پر کسی طرح عمل درآمد نہیں ہوتا ۔

عمران خان نے کہا کہ 2013ء کے انتخابات میں جس طرح مسلم لیگ (ن) کو کامیاب کروایا گیا وہ سب کو معلوم ہے لیکن ا ب وہ سب کچھ نہیں چلے گا۔انہوںنے کہا کہ میں نظام کو تبدیل کر کے دکھائوں گا۔ایسا نظام جس میں پاکستان سے ہی اتنا پیسہ اکٹھا کیا جائے گا کہ بیرونی قرضوں سے نجات حاصل ہو جائے گی۔ انہوںنے کہا کہ انتخابات میں صرف 9روز باقی رہ گئے ہیں اس لئے ہر محب وطن پاکستانی کو چاہیے کہ وہ نئے پاکستان اور اپنی نسلوں کو فرسودہ نظام سے نجات دلانے کیلئے ہر صورت گھر وںسے نکلیں تاکہ اس کی آنے والی نسلوں کا مستقبل تاریک ہونے سے بچایا جا سکے۔

انہوںنے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے میگا پراجیکٹس ان علاقوں میں بنائے جہاں ان کا ذاتی مفاد وابستہ اور اربوں کی کمیشن کا بیرون منتقل ہونا شامل تھا۔انہوںنے کہا کہ احتساب سب کا اور بلا امتیاز ہو گا تاکہ ملک کو کرپشن در کرپشن سے بچایا جا سکے۔انہوںنے کہا کہ وہ جمہوریت میں ایک نظام کے تحت خدمت کو اپنا مشن سمجھتے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ کے پی کے کی طرز پر براہ راست 30فیصد فنڈ بلدیات کو اور 30فیصد ڈویلپمنٹ فنڈ ضلعی حکومتوں کو منتقل کیا جائے گا جس میں کرپشن کی کوئی گنجائش نہیں ہو گی۔

عمران خان نے کہاکہ وہ نوجوانوں کو عالمی معیار کے تعلیمی ادارے دیں گے۔انہیں سستے قرضے ملیں گے۔انہیں زیادہ سے زیادہ نوکریاں ملیں گی اور انہیں چھوٹے چھوٹے بزنسز بنا کر دیئے جائیں گے جو ان پر احسان نہیں ہوگابلکہ ان کا حق ہے۔انہوںنے کہا کہ وہ 5سال میں غریب عوام کو 50لاکھ سستے گھر بنا کر دیں گے جن سے 100قسم کی انڈسٹری چلے گی اور نوجوانوں کو کنسٹرکشن کے بزنس میں آنے کا موقع بھی ملے گا۔

انہوںنے کہا کہ آئندہ نوکریاں خالصتاً میرٹ پر ملیں گی اور کسی جگہ رشوت یا سفارش کا عمل دخل نہیں ہو گا۔انہوںنے کہا کہ وفاقی حکومت کا کام مہنگائی کو روکنا اور ضروریات زندگی کی اشیاء کی قیمتوں میں استحکام لانا ہے جبکہ نالیاں ، گلیاں ، سولنگ بنانا ان کا کام نہیں ۔عمران خان نے کہاکہ عوام نے انہیں مینڈیٹ دیا تو وہ ملک سے مہنگائی ختم کر کے دکھائیں گے اس لئے روپیہ کی قدر کو گرنے سے بچانے سمیت اس میں استحکام لایا جائے گا۔

انہوںنے کہا کہ پنجاب پولیس کو سیاسی اور کرپٹ بنا دیا گیا۔انہوںنے کہا کہ پولیس کو ملک کی ماڈل پولیس بنا کر دکھائیں گے جو غیر سیاسی ، غیر جانبدار اور پروفیشنل ہو گی۔عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں ایسا فرسودہ جمہوری نظام رائج ہے جس میں منتخب ہونے والا خود کو بادشاہ تصور کرتا ہے ۔انہوںنے کہا کہ سوئٹرزر لینڈ دنیا کا سب سے خوشحال ملک ہے جس کی آبادی لاہور سے نص-ف مگر وہاں چھوٹے چھوٹے صوبوں کی طرز پر کنٹوٹمنٹ یونٹ قائم ہیں ۔

وہاں ہر یونٹ کو اس کے مسائل اور ضروریات کے مطابق پیسہ ملتا ہے اور مقا می لوگ فیصلہ کرتے ہیں کہ انہوںنے کن منصوبوں پر کام کرنا ہے۔ آخر میں عمران خان نے ایک بار پھر اہلیان جھنگ اور پاکستان کی غیور عوام سے اپیل کی کہ اگر وہ نیا پاکستان چاہتے ہیں تو 25جولائی کو بلے کے انتخابی نشان پر مہر لگائیں تاکہ 26جولائی کا سورج عوام کی فتح کی نوید لے کر طلوع ہو۔

قبل ازیں جب عمران خان خصوصی طیارے کے ذریعے فیصل آ باد انٹر نیشنل ایئر پور ٹ سے بذریعہ ہیلی کاپٹر مائی پیر سٹیڈیم جھنگ پہنچے تو مقامی قیادت نے ان کا بھر پور استقبال کیا۔اس موقع پر صاحبزادہ محبوب سلطان ، غلام بی بی بھروانہ ، راشدہ یعقوب، شیخ دلاور ، پی ٹی آئی کے دیگر امیدواران قومی و صوبائی اسمبلی سمیت پی ٹی آئی کے ڈویژنل و ضلعی عہدیداران بھی موجود تھے۔ عمران خان کی جھنگ آ مد کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات