متحدہ مجلس عمل بہاول پورکا پاور شو،موٹر سائیکل ریلی

کرپٹ سیاستدانوں نے کرپشن کے ریکارڈ توڑ کر ملک کو معاشی طور پر دیوالیہ بنا دیا ہے ،وسیم اختر تبدیلی کا نعرہ لگانے والی پارٹی پر بھی لوٹوں نے قبضہ کر لیا ہے جس کی وجہ سے مثبت تبدیلی کی راہ کھوٹی ہو گئی ہے ملک میں انصاف کے داعی ادارے پانامہ لیگس میںشامل434 افراد کو بھی بلا امتیاز انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے تو قوم کو عدالتوں پر اعتماد بحال ہو گا قوم کو چوروں اور بدمعاش خاندانوں کے خلاف متحد ہونا ہوگا، ایم ایم اے حکومت میں آکر بہاول پور صوبہ کی بحالی کو یقینی بنائے گی ، خطاب

اتوار 22 جولائی 2018 20:00

بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جولائی2018ء) متحدہ مجلس عمل بہاول پورکا پاور شو،موٹر سائیکل ریلی ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کی شرکت ،ریلی کی قیادت این ای170 کے امیدوار ڈاکٹر سید وسیم اختر اور پی پی 246 کے علامہ شفقت الرحمن نے کی ۔ریلی کا آغاز بغداد ریلوے اسٹیشن سے ہوا جو حمائیتیاں ،ون یونٹ چوک،فرید گیٹ ،سرکلر روڈ ،چوک فوارہ تک نکالی گئی ۔

ریلی کے شرکاء کو نواب آف بہاول پور صلاح الدین عباسی کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا جس میں انہوں نے بہاول پور کی عوام سے کہا کہ بہاول پور صوبہ بحالی کے لیے عوام ڈاکٹر سید وسیم اختر اور علامہ شفقت الرحمن کو کامیاب کرائیں ۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے این اے 170 کے امیدوار ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ کرپٹ سیاستدانوں نے کرپشن کے ریکارڈ توڑ کر ملک کو معاشی طور پر دیوالیہ بنا دیا ہے جبکہ دوسری طرف تبدیلی کا نعرہ لگانے والی پارٹی پر بھی لوٹوں نے قبضہ کر لیا ہے جس کی وجہ سے مثبت تبدیلی کی راہ کھوٹی ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ملک میں انصاف کے داعی ادارے پانامہ لیگس میںشامل434 افراد کو بھی بلا امتیاز انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے تو قوم کو عدالتوں پر اعتماد بحال ہو گا۔ اور اب قوم کو چوروں اور بدمعاش خاندانوں کے خلاف متحد ہونا ہوگا، ایم ایم اے حکومت میں آکر بہاول پور صوبہ کی بحالی کو یقینی بنائے گی ،کرپشن اور لوٹا ازم کا راستہ روکے گی، ملک میں مہنگائی، بے روزگاری اورلوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرے گی، پانی کے بحران سے نمٹنے کیلئے ڈیموں کی تعمیر کرے گی، عوامی مسائل کو ترجیجی بنیادوں پر حل کرے گی۔

عوام 25 جولائی کو ملک و قوم کے مسائل کے حل کیلئے کتاب کے نشان پرمہر لگا ئیں ہم اقتدار میں آکر پاکستان کواسلامی، فلاحی اور رفاہی مملکت بنائیں گے جس میں انصاف، روزگار، انسانی بنیادی حقوق کی فراہمی ہر امیر و غریب انسان کیلئے برابری کی بنیاد پر میسر ہو گی۔ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے امیدوار پی پی 246 علامہ شفقت الرحمن نے کہاکہ عوام اپنے ووٹ کی قوت سے ملک میں نظام مصطفی کے نفاذ کار استہ ہموار کر سکتی ہے۔

متحدہ مجلس عمل ہی ملکی حالات تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے جن لوگوں نے قوم کے ستر سال ضائع کیے، ان سے کسی تبدیلی کی توقع رکھنا اپنے آپ کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے۔ جو لوگ بیرونی ایجنڈے پر کاربند ہیں، وہ پاکستان کے عوام کے لیے کچھ نہیں کر سکتے۔ انہوںنے کہاکہ آج تمام بڑی دینی جماعتیں ایک پیج پر ہیں۔ عوام ملک میں حقیقی تبدیلی کے لیے متحدہ مجلس عمل کو کامیاب کریں۔ انہوںنے کہاکہ ووٹ انتہائی اہم فریضہ ہے ووٹ کے وزن کو اسلامی نظام کے نفاذ کے پلڑے میں ڈالا جائے۔ ہم اقتدار کے ایوانوں میں ووٹ کی قوت سے پہنچیں گے اب دینی قوتوں کا راستہ روکنے کی کسی میں قوت نہیں، 25 جولائی ملک میں اسلامی قوتوں کی فتح کا دن ہوگا۔