شرجیل انعام میمن کی حمایت میں حلقہ کے عوام کی جانب سے عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا

پیپلز پارٹی کے جیالوں اور عوام نے 25 جولائی سے قبل ہی اس حلقہ کے الیکشن کا فیصلہ کردیا ہے، شرجیل میمن

اتوار 22 جولائی 2018 21:50

ٹنڈوجام (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2018ء) پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار برائے سندھ اسمبلی شرجیل انعام میمن کی حمایت میں حلقہ کے عوام کی جانب سے عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کا آغاز دوپہر 1.00 راول ہاس راہوکی سے ہوا۔ جس کی قیادت شرجیل میمن کے بیٹے راول میمن، حلقہ این اے 225 کے نامزد امیدوار سید طارق حسین شاہ، پیر امجد شاہ، ذیشان میمن، اسماعیل وسان، زاہدہ میمن، زیب النشا ملاح، نثار کھٹیان سمیت دیگر حلقہ کے معززین نے کی۔

اس موقع پر عوام کی بڑی تعداد جو موٹر سائیکلوں، کاروں، سوزوکیوں سمیت دیگر ٹرانسپورٹ پر سوار تھی موجود تھی۔ ریلی ٹنڈو جام،ٹنڈو قیصر، ٹنڈو فضل، بھاول زور، کھیسانا موڑی سمیت حلقہ کے دیگر علاقوں سے ہوتی ہوئی رات گئے راول ہاس پر اختتام پذیر ہوئی۔

(جاری ہے)

ریلی میں جگہ جگہ ریلی کے شرکا کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور ان پر پھولوں کی بارش کی گئی جبکہ جگہ جگہ ریلی کے شرکا کے لئے پینے کے پانی اور شربت کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔

اس موقع پر متعدد مقامات پر خطاب کرتے ہوئے راول شرجیل انعام میمن نے کہا کہ آج اس حلقہ کے عوام کی جانب سے عظیم الشان ریلی میں شرکت اور ان کی محبت نے آج ثابت کردیا ہے کہ پیپلز پارٹی کے جیالوں اور عوام نے 25 جولائی سے قبل ہی اس حلقہ کے الیکشن کا فیصلہ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ پی ایس 63 اور این اے 225 سے پیپلز پارٹی کے امیدواروں شرجیل انعام میمن اور سید طارق حسین شاہ کی فتح کا جشن آج اس حلقہ کی عوام نے منانا شروع کردیا ہے اور انشا اللہ 25 جولائی کو مخالفین ہمیشہ کے لئے اس حلقہ سے غائب ہوجائیں گے۔

اس موقع پر سید طارق شاہ جاموٹ، پیر امجد شاہ اور دیگر مقررین نے کہا کہ حلقہ کی عوام کی اتنی بڑی تعداد میں اس ریلی میں شرکت کے بعد اب مخالفین کو مکمل احسا س ہوچکا ہے کہ وہ اس حلقہ سے انتخاب لڑکر غلط فیصلہ کیا ہے۔ رات گئے تک جاری ریلی میں خواتین، نواجوانوں، بچوں اور بزرگوں کی بڑی تعداد شامل تھی۔