عوام تیر کے نشان پر ووٹ ڈال کر پیپلز پارٹی کے امیدوار شرجیل انعام میمن کو بھرپور کامیاب کروائیں،راول شرجیل میمن

پیر 23 جولائی 2018 21:13

ٹنڈو جام (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2018ء) پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار برائے سندھ اسمبلی شرجیل انعام میمن کے بیٹے راول شرجیل میمن نے کہا ہے کہ مخالفین اب مکمل بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ جیسے جیسے الیکشن نزدیک آرہے ہیں وہ اوچھی حرکتوں پر اتر آئیں ہیں۔ کبھی سوشل میڈیا پر جھوٹی اور من گھڑت خبریں چلائی جارہی ہیں تو کبھی جھوٹی حمایتوں کی خبریں نشر کرائی جارہی ہیں۔

حلقہ پی ایس 63 کے عوام اب ان من گھڑت اور جھوٹی خبروں پر دھیان دینے والے نہیں ہیں اور انہوں نے فیصلہ تیر کے حق میں دے دیا ہے۔ ذیشان میمن شرجیل انعام میمن کے کوآڈینیٹر ہیں اور انہوں نے بطور کورنگ امیدوار کاغذات نامزدگی داخل کرائے تھے تاہم شرجیل میمن کے الیکشن میں حصہ لینے کے بعد انہوں نے ان کے حق میں اپنے آپ کو دستبردار کروا کر شرجیل میمن کی انتخابی مہم شروع کی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز یونین کونسل ٹنڈو فضل، چوکئی، کھسیان موڑی، ٹنڈو جام سمیت دیگر کے طوفانی دوروں کے موقع پر کارنر مٹینگز اور جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے امیدوار برائے قومی اسمبلی حلقہ این اے 225 سید طارق شاہ جاموٹ، ذیشان میمن، اسماعیل وسان، نثار کھٹیان، زاہدہ میمن، زیب النساء ملاح، عبدالباری انڑ، غلام مجتبیٰ انڑ، ساون خان گوپانگ، معشوق علی گوپانگ، ذوالفقار بھٹو ملاح، ڈاکٹر رحیم دادراجپوت (راجو) سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

مختلف یونین کونسلوں میں الیکشن مہم کے آخری روز اپنے دورے کے دوران راول شرجیل میمن نے وہاں پر پولنگ کے لئے کی جانے والی تیاریوں اور پولنگ ایجنٹوں سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے راول شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہمارے مخالف تبدیلی کا نعرہ لگا کر عوام کو گمراہ کرنے میں کامیاب نہیں ہوئے تو اب وہ جھوٹے اور من گھڑت پروپگنڈے کرنے میں اپنی تمام تر توانائی لگا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گاڑیوں اور ایمبولنس کے جھوٹے پروپگنڈے کی ناکامی کے بعد اب انہوں نے نیا پروپگنڈہ شروع کرکے عوام کو گمراہ کرنا شروع کیا ہے کہ ذیشان میمن کو ووٹ دیں تاکہ عوام گمراہ ہوں لیکن عوام پیپلز پارٹی کا مانتی ہے اور وہ صرف اور صرف تیر کے نشان کے علاوہ کسی اور کو ووٹ نہیں دے گی اور گذشتہ روز حلقہ کے عوام کی جانب سے نکالی جانے والی عظیم الشان ریلی نے ثابت کردیا ہے کہ 25 جولائی کو صرف فتح پیپلز پارٹی اور تیر کی ہوگی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن کے کو آڈینیٹر ذیشان میمن نے کہا کہ سوشل میڈیا پر مخالف امیدوار علی قاضی اور ان کی ٹیم کی جانب سے منفی پروپگنڈے کی میں سختی سے تردید کرتا ہوں انہوں نے کہا ہے کہ شرجیل انعام میمن پی ایس 63 کے پیپلز پارٹی کے امیدوار ہیں اور وہ بطور کورننگ امیدوار تھے اور اب وہ مکمل طور پر شرجیل انعام میمن کی انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔

انہوںنے کہا ہے کہ مخالفین کو اپنی واضح شکست نظر آگئی ہے اور اسی وجہ سے وہ منفی، بے بنیاد اور جھوٹے میسیج اور پروپگنڈہ کررہے ہیں۔ ذیشان میمن نے کہا کہ حلقہ پی ایس 63 کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ 25 جولائی کو تیر کے نشان پر ووٹ ڈال کر پیپلز پارٹی کے امیدوار شرجیل انعام میمن کو بھرپور کامیاب کروائیں۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ 25 جولائی کو مخالفین کو اتنی عبرتناک شکست دیں گے کہ وہ آئندہ اس حلقہ میں آنے سے قبل سوچیں گے۔