Live Updates

الیکشن کے دوران ہمیں بلا کر کہا گیا آزاد حیثیت میں الیکشن لڑتے تو آپ کو الیکشن میں کامیاب کروا دیا جا تاکیونکہ ہمیں عمران خان کیلئے ووٹ چاہیئے‘ میر باز خان

کھیتران کا انکشاف الیکشن میں این اے 259 میں پیپلزپارٹی کے کسی بھی ایجنٹ کو اندر داخل ہونے نہیں دیا گیا پیپلزپارٹی کے ساتھ وہ سلوک کیا گیا جیسے وہ کسی دوسرے ملک کی پارٹی ہے ‘ میں نے الیکشن میں بائیکاٹ کرنے کاارادہ کیا لیکن بلاول بھٹو زرداری کی وجہ سے میدان نہیں چھوڑا ،پی پی پی رہنماء کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 1 اگست 2018 22:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 اگست2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے این اے 259 سے الیکشن لڑنے والے امیدوار سابق وفاقی وزیر میر باز خان کھیتران نے کہا ہے کہ الیکشن کے دوران ہمیں بلا کر کہا گیا کہ اگر آپ پیپلزپارٹی کے امیدوار کی بجائے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑتے تو آپ کو الیکشن میں کامیاب کروا دیا جا تاکیونکہ ہمیں عمران خان کیلئے ووٹ چاہیئے‘ الیکشن میں این اے 259 میں پیپلزپارٹی کے کسی بھی ایجنٹ کو اندر داخل ہونے نہیں دیا گیا‘ پیپلزپارٹی کے ساتھ وہ سلوک کیا گیا جیسے وہ کسی دوسرے ملک کی پارٹی ہے ‘ میں نے الیکشن میں بائیکاٹ کرنے کاارادہ کیا لیکن چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی وجہ سے میدان نہیں چھوڑا۔

کمشنر سبی نے چیف سیکرٹری بلوچستان کو خط لکھا جس میں انہوں نے کہا کہ این اے 259 میں الیکشن سٹاف کی طرف سے غفلت اور ملی بھگت کرنے والوں کے خلاف انکوئری کی جائے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نذیر ڈھوکی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان لاء اینڈ آرڈر کے حوالے سے پاکستان آرمی نے بہت اچھا کردار ادا کیا لیکن انتظامیہ نے پیپلزپارٹی کے ساتھ ایسا سلوک کیا جیسے وہ کسی اور ملک کی پارٹی ہو۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن میں دھاندلی کی یہ صورتحال تھی کہ این اے 259 کا رزلٹ نہ آنے پر کمشنر سبی نے چیف سیکرٹری بلوچستان کو خط لکھا اور کہا کہ الیکشن میں غفلت برتنے والے اور دھاندلی کرانے والوں کے خلاف انکوائری کی جائے کہ اس حلقے کا رزلٹ لیٹ کیوں ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میرا حلقہ پہلے دو اضلاع پر مشتمل تھا اور اب پانچ اضلاع پر کردیا گیا ہے یہ تقریباً سات سو کلومیٹر تقریباً آدھے بلوچستان پر بنا دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اے آر او ہر ضلع کی سطح پر بنائے گئے لیکن بیگ ہو تھے جوڈیشل آفیسر کے آفس میں بھیج دیئے گئے اور ہمیں کسی دفتر تک کوئی رسائی نہیں دی گئی۔ پچیس سے اٹھائیس تک بیگ کھلے دفتر میں پڑے رہے۔ جب ہم وہاں پہنچے تو ہمیں کہا گیا کہ 371 ووٹ تیر پر پڑے ہیں جو مجھے دے دیئے گئے اس سے زیادہ دھاندلی کیا ہوسکتی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر فیئر آدمی ہیں جبکہ الیکشن کمیشن میں ایک بدکردار شخص موجود ہے جس نے الیکشن میں دھاندلی کروائی۔

آر او کا دفتر پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدواروں کیلئے بند تھا میرے حلقے کے 76 پولنگ سٹیشن تھے جس میں پیپلزپارٹی کے ایجنٹ کو اندر داخل نہیں ہونے دیا گیا اور نہ ہی کسی لیڈی پولنگ ایجنٹ کو اندر جانے دیا گیا الیکشن کے دوران ہمیں بلایا گیا اور کہا گیا کہ اگر آپ پیپلزپارٹی کی بجائے آزاد امیدوار ہوتے تو آپ کو کامیاب کروا دیا جاتا کیونکہ آپ پیپلزپارٹی کے امیدوار ہیں اس لئے آپ کو کامیابی نہیں مل سکتی ہمیں عمران خان کیلئے ووٹ کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آر او سبی نے کہا کہ آپ تیسرے نمبر پر آئے ہیں اور شاہ زین بھگٹی کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ شاہ زین بھگٹی کو پتہ تک نہیں تھا انہوں نے کہا کہ الیکشن ٹربیونل نہیں ہونا چاہیے جس میں ریٹائرد لوگوں کو بھرتی کیا جاتا ہے اور جن پر کروڑوں روپے خرچ کردیئے جاتے ہیں جنہوں نے آج تک کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ الیکشن کمیشن خود فیصلے کرے اور اس کے بعد ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ فیصلے کرے۔ کسی کو فارم 45 نہیں دیا گیا سادہ کاغذ الیکشن کمیشن کے لیٹر پیڈ پر رزلٹ دیئے گئے جب ہم نے عملے سے پوچھا تو انہوں نے کہا کہ ہمیں وٹس ایپ چلانا نہیں آتا ہم رزلٹ کسے وٹس ایپ کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات