شہباز شریف نے صوبائی اسمبلی کی نشستیں چھوڑنے کیلئے درخواست الیکشن کمیشن کو جمع کروا دی

حمزہ شہباز کا صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 146رکھنے کا فیصلہ ، این اے 124کی نشست چھوڑنے کی درخواست

جمعرات 9 اگست 2018 21:03

شہباز شریف نے صوبائی اسمبلی کی نشستیں چھوڑنے کیلئے درخواست الیکشن ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے صوبائی اسمبلی کی نشستیں اور انکے صاحبزادے حمزہ شہباز نے قومی اسمبلی کی نشست چھوڑنے کیلئے الیکشن کمیشن کو درخواست جمع کروا دی ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق 25جولائی 2018ء کو ہونے والے انتخابات میں شہباز شریف قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 132 اور پنجاب اسمبلی کے حلقوں پی پی 164اور پی پی 165سے منتخب ہوئے تھے جنہوں نے قومی اسمبلی کی نشست حلقہ این اے 132رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے صوبائی اسمبلی کی دو نشستیں چھوڑنے کے لئے الیکشن کمیشن کو درخواست جمع کروائی ہے ۔

جبکہ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز بھی انتخابات میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 124اور صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 146سے کامیاب ہوئے تھے اور انہوں نے صوبائی اسمبلی کی نشست رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے این اے 124کی نشست چھوڑنے کے لئے درخواست جمع کروائی ہے ۔