Live Updates

گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے قومی اسمبلی میں عمران خان، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر عہدوں پر نامزد امیدواروں کی مکمل حمایت کا اعلان کردیا

عمران خان ملک و قوم کی بہتری کیلئے آگے بڑھیں ہم ان کیلئے مشکلات پید انہیں کریں گے ، ہر موقع پر ان کا ساتھ دیں گے، پیر صاحب پگارا سندھ کی ترقی کیلئے پیر صاحب کی سربراہی میں تحریک انصاف اپنا کردارادا کریگی، شاہ محمود قریشی

جمعرات 9 اگست 2018 22:15

گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے قومی اسمبلی میں عمران خان، اسپیکر اور ڈپٹی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2018ء) گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے نامزد وزیراعظم عمران خان اور اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر عہدوں پر نامزد ہونے والے امیدواروں کی مکمل حمایت کا اعلان کردیا ہے، جی ڈی اے کے سربراہ پیر صاحب پگارا نے کہا ہے کہ عمران خان ملک و قوم کی بہتری کے لئے آگے بڑھیں ہم ان کے لئے مشکلات پید انہیں کریں گے بلکہ ہر موقع پر ان کا ساتھ دیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے ایک اعلی سطحی وفد نے جس میں شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین، ڈاکٹر عارف علوی اور عمران اسماعیل شامل تھے جمعرات کی شام کنگری ہائوس کراچی میں جی ڈی اے کے سربراہ پیر صاحب پگارا سے ملاقات کی اور ان سے وفاق میں پی ٹی آئی کی جانب سے حکومت سازی اور دوسرے اہم سیاسی امور پر گفتگو کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جی ڈی اے کے رہنما پیر صدر الدین شاہ راشدی، سید غوث علی شاہ ، علی گوہر خان مہر،فہمیدہ مرزا، ڈاکٹر ذوالفقار مرزا، حسنین مرزا،غوث بخش خان مہر اور دیگر بھی موجود تھے۔

دونوں سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں کے درمیان بات چیت کے دوران مرکز میں حکومت سازی اور سندھ میں اپوزیشن لیڈر کی تقرری کے موضوع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پی ٹی آئی کے وفد نے پیر پگارا کو عمران خان کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی نے پیر پگارا اور جی ڈی اے کی دوسری لیڈر شپ کے ساتھ ہونے والی بات چیت کو بہت مفید قرار دیا اور کہا کہ عمران خان کی مکمل حمایت کرنے پر ہم پیر صاحب پگارا کے انتہائی مشکور ہیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سندھ کی ترقی کے لئے پیر صاحب کی سربراہی میں تحریک انصاف اپنا کردارادا کریگی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے وفاق میں حکومت سازی اور ملک سے کرپشن کے خاتمے کے لئے پیرصاحب سے تعاون مانگا تھا، جس پر انہوں نے ہمارا بھر پور ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جی ڈی اے کے ساتھ سیاسی تعاون کا سلسلہ الیکشن سے قبل بھی جاری رہا ہے اور ہم آپس میں مسلسل رابطے میں تھے تاہم آج ہم نے وافق میں حکومت سازی کے لئے باقاعدہ طور پر جی ڈی اے سے ووٹ مانگے تھے۔

جس پر جی ڈی اے نے عمران خان۔ ہماری جانب سے نامزد کردہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کی حمایت کا اعلان کردیا ہے جس پر ہم ان کے شکرگزار ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو اس بار سندھ سے اتنی نشستیں ملی ہیں جو اسے بے نظیر کی شہادت کے بعد بھی نہیں ملی تھی پھر وہ کونسی دھاندلی کے خلاف احتجاج کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام نے پیپلز پارٹی کے بجائے جی ڈی اے کو ووٹ دئیے تھے لیکن جیت پیپلز پارٹی کی نظر آئی،انتخابات کے دوران دولت اور پیسے کا جوعنصر سندھ میں دیکھا اس کی مثال نہیں ملتی ۔

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ہم سندھ میں اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے اور یہاںجوائنٹ اپوزیشن بنائی جائے گی جس میں جی ڈی اے اورایم کیو ایم بھی ہمارے ساتھ ہوگی ۔جلد اس حوالے سے مشاورتی عمل شروع ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وفاق کے بعد اب پنجاب میں بھی تحریک انصاف کو اکثریت حاصل ہوگئی ہے ۔پنجاب سے 23 آزاد امیدوار ہمارے ساتھ آگئے ہیں اب پنجاب میں ہماری تعداد 146 ہوگئی ہے۔

یاس موقع پر پیر صاحب پگارا نے کہا کہ آج پی ٹی اے کے دوستوں کو یہاں آنے کی ضرورت نہیں تھی کیونکہ ہم پہلے ہی ان کی حمایت کا فیصلہ کرچکے تھے،جی ڈی اے ہر قدم پر عمران خان کے ساتھ کھڑی نظر آئے گا۔عمران خان بہتری کے لیے آگے بڑھیں ان کا بھرپور ساتھ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں ہمیں سازش کے تحت ہرایا گیا ہے جس پر پرامن احتجاج جاری رہے گا ہم عمران خان کے لیے مشکلات پیدا نہیں کریں بلکہ ہر معاملے میں ان کا ساتھ دیں گے جس کی یقین دہانی آج کی ملاقات میں بھی کرادی گئی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات