مقبوضہ کشمیر، شیخ عبدالعزیز کی برسی کے سلسلے میں دعائیہ مجلس کا انعقاد

شہداء کی عظیم قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی، حریت رہنما

جمعہ 10 اگست 2018 18:22

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2018ء) مقبوضہ کشمیر آزادی پسند رہنمائوں نے ممتاز آزادی پسند رہنما شیخ عبدالعزیز کی شہادت کی دسویں برسی کے سلسلے میں سرینگر میں ایک دعائیہ مجلس کا انعقاد کیا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عائیہ مجلس میں ایڈووکیٹ بشیر احمد طوطا ، محمد مقبول صوفی، منظور ملک، حاجی فاروق، محمدصدیق گنائی ، نثار احمد آہنگر، نذیرمنظواور دیگر آزادی پسند رہنمااور کارکن شریک تھے۔

بشیر احمد طوطا اور دیگر نے اس موقع پر اپنی تقاریر میں شیخ عبدالعزیز کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید نے سیاسی کے ساتھ ساتھ عسکری محاذ پر بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور شہادت تک اپنے حق پر مبنی موقف پر ڈٹے رہے۔ انہوںنے کہا کہ شیخ عبدالعزیز نے اپنی زندگی کازیادہ حصہ بھارتی جیلوں اور عقوبت خانوں میں گزارااور نہایت مصائب اور مشکلات کا مقابلہ کرتے ہوئے تحریک آزادی کی آبیاری کی ۔

(جاری ہے)

آزادی پسند رہنمائوں نے کہا کہ تحریک آزادی کے لیے شیخ عبدالعزیز کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔انہوںنے کہا کہ شیخ عبدالعزیز ،شہید ایس حمید وانی ،شہید غلام محمد بٴْل،ا شہید خلیل الرحمٰن اور دیگر لاکھوں شہداء کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی اور کشمیری اپنے عظیم شہداء کے مشن کی تکمیل تک اپنی جدوجہد ہر قیمت پر جاری رکھیں گے۔بھارتی فوجیوں نے شیخ عبدالعزیز کو 11اگست2008کو اس وقت گولی مار کر شہید کر دیا تھا جب وہ جموںکے ہندو انتہا پسندوں کی طرف سے مقبوضہ وادی کے معاشی بائیکاٹ کے خلاف سرینگر سے کنٹرول لائن کی طرف ایک مارچ کی قیادت کر رہے تھے۔