Live Updates

18 اگست کو پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی تشکیل کا عمل مکمل ہو جائے گا،

نومنتخب اراکین پارلیمنٹ 13 اگست کو حلف اٹھائیں گے اور اسی روز سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب ہو گا پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کی میڈیا سے بات چیت ْ

جمعہ 10 اگست 2018 22:10

18 اگست کو پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی تشکیل کا عمل مکمل ہو جائے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے توقع ظاہر کی ہے کہ 18 اگست کو پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی تشکیل کا عمل مکمل ہو جائے گا۔ جمعہ کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نومنتخب اراکین پارلیمنٹ 13 اگست کو حلف اٹھائیں گے اور اسی روز سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب ہو گا۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان قومی اسمبلی سے وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد 18 اگست کو ایوان صدر میں اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے اراکین سے متعلق کوئی فیصلہ ابھی تک حتمی نہیں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ منسٹر انکلیو کی تزئین و آرائش پر جاری کام کی وجہ سے پنجاب ہائوس میں قیام کریں گے۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل جاوید نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ نے بھارت کے سابق کھلاڑیوں سنیل گواسکر، کیپل دیو اور نوجوت سنگھ سدھو کو حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ عمران خان جنہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز پروفیشنل کرکٹر کی حیثیت سے کیا اور ٹیسٹ اور ون ڈے انٹرنیشنل کھلاڑی کے طور پر بہت نام کمایا، کی جانب سے نہ صرف اپنے کرکٹ دور کے سابق بھارتی کھلاڑیوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے بلکہ 1992ء میں ان کی کپتانی میں ورلڈکپ جیتنے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اراکین کو بھی مدعو کیا ہے۔

ان کھلاڑیوں میں جاوید میانداد، وسیم اکرم، رمیز راجہ، انضمام الحق، مشتاق احمد، معین خان اور عاقب جاوید شامل ہیں جنہوں نے آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں ورلڈکپ کا فائنل کھیلا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وقت کی قلت کے باعث حلف برداری کی تقریب میں کسی غیر ملکی شخصیات کو مدعو نہیں کیا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ حلف برداری کی تقریب میں چند سو افراد کو مدعو کیا جائے گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ قریبی تعلقات کے خواہاں ہیں اور کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں بہتری پورے خطہ کیلئے فائدہ مند ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات