Live Updates

الیکشن کمیشن کی کامیاب امیدواروں کو زائد نشستیں چھوڑنے کی ہدایت

ہفتہ 11 اگست 2018 19:16

الیکشن کمیشن کی کامیاب امیدواروں کو زائد نشستیں چھوڑنے کی ہدایت
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اگست2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے انتخابات میں ایک سے زائد نشستوں پر کامیاب امیدواروں کو اضافی نشستیں چھوڑنے کی ہدایت کردی۔ الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق آ کے آر ٹیکل 223(3) کے تحت قومی اسمبلی یا صوبائی اسمبلیوں میں ایک سے زائد نشستیں رکھنے والے امیدواروں کو حلف اٹھانے سے قبل اضافی نشستوں کو چھوڑنا ہوگا اور وہ اپنی پسند کی کوئی بھی ایک کامیاب نشست رکھ سکتے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق امیدوار دیگر نشستوں سے اپنا استعفیٰ چیف الیکشن کمشنر کو خود یا کسی تصدیق شدہ ایجنٹ کے ذریعے ای سی پی سیکریٹریٹ اسلام آبا د یا صوبائی الیکشن کمیشن کے دفاتر میں جمع کرائیں۔خیال رہے کہ انتخابات میں مختلف امیدواروں نے ایک سے زائد نشستوں سے حصہ لیا تھا، جس میں انہیں کامیابی حاصل ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اسلام آباد، کراچی، لاہور، بنوں اور میانوالی سے قومی اسمبلی کی 5 نشستوں سے حصہ لیا تھا اور کامیابی حاصل کی تھی، تاہم انہوں نے میانوالی کی نشست رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔

واضح رہے کہ انتخابات کے بعد قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس 13 اگست کو طلب کیا ہے جبکہ سندھ اور خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس بھی اسی روز بلا رکھا ہے۔ اس کے علاوہ پنجاب اسمبلی کا پہلا اجلاس 15 اگست کو منعقد ہوگا جبکہ بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کی تاریخ کے بارے میں ابھی اعلان نہیں کیا گیا۔ 08-18/--132
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات