کشمیرکے بغیرپاکستان اور پاکستان کے بغیر کشمیر نامکمل ہے‘صدر آزاد کشمیر

کشمیریوں کی جدوجہدآزادی دراصل تکمیل پاکستان کی جنگ ہے جو منزل کے حصول تک جاری رہے گی‘سردارمسعود خان کا آزادی فیسٹیول تقریب سے خطاب

منگل 14 اگست 2018 14:25

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2018ء) صدر آزادجموںوکشمیرسردارمحمدمسعودخان نے کہاہے کہ کشمیرکے بغیرپاکستان اور پاکستان کے بغیر کشمیر نامکمل ہے،کشمیریوں کی جدوجہدآزادی دراصل تکمیل پاکستان کی جنگ ہے جو منزل کے حصول تک جاری رہے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے پیس گروپ آف جرنلسٹس کے زیراہتمام جشن آزادی پاکستان کے حوالہ سے منعقدہ’’آزادی فیسٹول ‘‘ سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا۔

اس موقع پر کمانڈنٹ سی ایم ایچ برگیڈئرحسن،بشپ آف پاکستان جان ایلون سموئیل ، پروفیسر صابرحسین صدیقی، عتیق احمدکیانی ،سعیدالرحمان صدیقی اورسفیراحمدرضا نے بھی خطاب کیا تقریب میں بڑی تعداد میں خواتین و حضرات سیاسی و سماجی شخصیات اور عمائدین شہر سمیت طلبا و طالبات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پیس ماڈل سکول کی مختلف برانچز کے طلباء و طالباتگ نے انتہائی خوبصورت اندازسے وطن عزیز سے محبت کے اظہار اور جشن آزادی کے حوالہ سے مختلف رنگا رنگ پروگرامز، ملی ترانے ،نغمے اور ٹیبلو پیش کر کے حاضرین سے خوب دادوصول کی، فیسٹول میں پیس وویمن ڈویلپمنٹ سنٹرز کی طالبات نے اپنی دستکاریوں کے سٹال بھی لگارکھے تھے،جنہیں شرکاء نے بے حد سراہا اور پسند کیا۔

صدرریاست نے پیس گرپ آف جرنلسٹس کی جانب سے اس فقیدالمثال آزادی فیسٹول کے انعقاد پر پیس گروپ کی پوری ٹیم کو سراہااور انہیں مبارکباد پیش کی۔انہوںنے فیسٹول میں رنگا رنگ پروگرام پیش کرنے والے پیس ماڈل سکولز کے طلباء و طالبات اور المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے ادارہ بحالی جسمانی معذوراں کے خصوصی بچوں کی بے حد تعریف کی اور انہیں تیار کرنے والے اساتذہ کو بھی سراہا۔

صدر ریاست نے اپنے خطاب میں کہاکہ آج ہم پاکستان کا 71واں یوم آزادی مناتے ہوئے اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ ہم پاکستان کی سلامتی،ترقی و خوشحالی اور استحکام کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کی مسلح افواج نے ملک کا دفاع مضبوط بنانے اور اپنی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کیلئے جو بیش بہا قربانیاں دی ہیں انہیں کسی صورت فراموش نہیں کیا جاسکتا‘ آج کے دن ہم اپنی بہادرمسلح افواج پاکستان کی عظیم قربانیوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں اور انہیں یقین دلاتے ہیں پوری پاکستانی و کشمیر قوم اپنی بہادر پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

انہوںنے کہاکہ ہمیں اپنی بہادر مسلح افواج پر فخر ہے جس نے نہ صرف وطن عزیز کا دفاع ناقابل تسخیر بنادیاہے بلکہ ملک سے دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے بھی ناقابل فراموش کرداراداکیاہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان لاکھوں جانوں کی قربانیوں سے معرض وجود میں آیا ہے ہمیں اس آزادی کی قدرکرنا ہوگی اور اس ملک و ملت کی تعمیر میں اپنا کرداراداکرنا ہوگا۔

صدرریاست نے کہاکہ آج کے دن ہم بھارتی سنگینوں کے سائے تلے ’’ہم پاکستانی ہیں ‘پاکستان ہمارا ہے‘‘ کے فلک شگاف نعرے لگاتے ہوئے تحریک آزادی کی شمع روشن رکھے ہوئے اپنے ان کشمیر بھائیوں،مائوں اور بیٹوں کو نہیں بھول سکتے جن کی عظیم قربانیوں سے کشمیری عوام جلد آزادی کی دولت سے مالا مال ہونگے۔انہوںنے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے نوجوان ،بچے اور خواتین کشمیر کی آزادی کی تحریک میں ہراول دستے کا کرداراداکررہے ہیںیہی وجہ ہے کہ مقبوضہ ریاست میں سب سے ذیادہ اسی طبقہ کو نشانہ بنایاجارہاہے جو انسانی حقوق کی بدترین پامالی ہے۔

انہوںنے کہاکہ مسئلہ کشمیر کا آبرامندانہ حل یہی ہے کہ یہاں کے عوام کی غالب اکثریت کی مرضی و منشاء کو بھارت تسلیم کرتے ہوئے انہیں ان کا پیدائشی حق حق خودارادیت دے جس کا وعدہ اس نے اقوم متحدہ میں کررکھا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نے مقبوضہ ریاست پر اپنا جابرانہ تسلط قائم رکھنے کے لئے مظلوم کشمیر عوام پر ظلم کے پہاڑ گرم رکرکھے ہیں،جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوںنے کہاکہ تحریک آزادی کے بیس کیمپ کے عوام اور پوری پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ ہے اور انہیں کس صورت تنہا ء نہیں چھوڑیں گے۔