مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طورپر منایاگیا،کرفیو اور سخت پابندیاں عائد

بدھ 15 اگست 2018 19:33

سرینگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2018ء) کنٹرول لائن کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوںنے آج بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منایا جس کا مقصد عالمی برادری کو یہ پیغام دینا تھا کہ بھارت کشمیریوں کوانکا ناقابل تنسیخ حق، حق خود ارادیت دینے سے مسلسل انکار کر رہا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطا بق آج مقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑتال کی گئی جس کی کال سید علی گیلانی ، میر واعظ عمرفاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے دی تھی ۔

پورے مقبوضہ علاقے میں گھروں اور نجی عمارتوں پر سیاہ جھنڈے لہرائے گئے ۔ تمام سرکاری دفاتر، تجارتی مراکز اور بینک بند رہے جبکہ ہڑتال کی وجہ سے سڑکیں ویرانی کا منظر پیش کرتی رہیں۔ قابض انتظامیہ نے سرینگر میں غیر اعلانیہ کرفیو اور دیگر پابندیاںعائد کردیںجبکہ بھارت مخالف مظاہروں کو روکنے کیلئے مقبوضہ کشمیر کے تمام بڑے شہروں اور قصبوںمیں بڑی تعداد میںبھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروںکوتعینات کیاگیاتھا ۔

(جاری ہے)

سرینگر میںسونہ وار اسٹیڈیم جہاں یوم آزادی کی مرکزی تقریب منعقد ہو نا تھی کی طرف جانیوالی سڑکوں پرخار دار تاریں بچھائی گئی تھیں۔لوگوں کی نقل و حرکت پر نظررکھنے کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے تھے جبکہ موبائیل فون اور انٹرنیٹ سروسز معطل کردی گئی تھیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی اور دیگر حریت رہنمائوں نے اپنے بیانات میں کہا ہے کہ بھارت کو کشمیرمیں اپنا یوم آزادی منانے کا کوئی حق حاصل نہیں ہے کیونکہ اس نے جموںوکشمیر پر غیر قانونی طورپر قبضہ کر رکھا ہے ۔

میر واعظ عمر فاروق نے ایک بیان میں بھارتی ایجنسیوں کی طرف سے حریت رہنماء شاہد الاسلام کے اہلخانہ کو ہراساںکرنے کی مذمت کی ہے ۔ ادھر بھارتی پولیس نے محمد یاسین ملک کو سرینگر میں انکی رہائش گاہ سے گرفتار کرلیا ۔ حریت رہنمائوں سیدعلی گیلانی ، محمد اشرف صحرائی ، غلام نبی سمجھی ،غلام احمد گلزار، بلال صدیقی ، حکیم عبدالرشید، محمد یوسف نقاش، مختار احمد وازہ ،ہلال احمد وار، جاوید احمد میر ، ظفر اکبربٹ اور غلام نبی وسیم کو گھروں یا تھانوں میں نظربند کردیاگیا ۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ نے بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طورپر منانے کیلئے اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاجی مظاہر ہ کیا۔ بیلجیم اور دیگر یورپی ممالک میں قائم مختلف تنظیموں کے نمائندوں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے آج برسلز میں بھارتی سفارتخانے کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے کا اہتمام کشمیرکونسل یورپ نے کیاتھا ۔ لندن اور دنیا کے دیگر حصوںمیں بھی احتجاجی ریلیاں نکالی گئی اور مظاہرے کئے گئے۔