مسلم لیگ کی طرف سے پارٹی رہنماء کی عدالتی احکامات پر رہائی کے فورابعد دوبارہ گرفتاری کی شدید مذمت

اسداللہ پرے گزشتہ چار سال سے مختلف جیلوں میں مسلسل نظربند ہیں ‘ انکی پانچ بیٹیاں جن میں سے ایک کینسر کے مہلک مرض میں مبتلا ہے

جمعہ 17 اگست 2018 12:04

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2018ء) مقبوضہ کشمیر میں جموںوکشمیر مسلم لیگ نے پارٹی کے غیر قانونی طورپر نظربند رہنماء اسد اللہ پرے کی عدالتی احکامات پرجموںکی کوٹ بھلوال جیل سے رہائی کے فورابعد دوبارہ گرفتاری کو بدترین سیاسی انتقام قراردیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مسلم لیگ کے ترجمان سجاد ایوبی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں افسوس ظاہر کیاکہ اسد اللہ پرے کوجیل سے رہائی فورابعد گرفتار کر کے جوائنٹ انویسٹی گیشن سینٹر جموں اور پھر وہاں سے سنبل پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا ۔

انہوںنے پولیس کی اس کارروائی کوغیر قانونی اور غیر آئینی قراردیتے ہوئے کہاکہ انہیں بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ اسداللہ پرے گزشتہ چار سال سے جموںو کشمیر کی مختلف جیلوں میں مسلسل نظربند ہیں اور انکی پانچ بیٹیاں جن میں سے ایک کینسر کے مہلک مرض میں مبتلا ہے خدا کے سہارے اپنی زندگی بسر کر رہی ہیں کیونکہ انکی والدہ پہلے ہی انتقال کر گئی ہیں۔

سجاد ایوبی نے اسد اللہ پرے کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ انکی بیٹیاں اپنے والد کی رہائی کی منتظر ہیں۔تاہم انہوںنے کہا کہ ’’جمہوریت اور عدالت‘‘ کا مکھوٹا اپنے چہرے پر لگا کر لوگوں کو گمراہ کرنے والوں نے عدالت کی طرف سے انکی کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت نظربندی کالعدم قراردینے کے باوجود انہیں جیل سے رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار کر لیا ہے ۔ ترجمان نے عالمی ریڈ کراس کمیٹی، ہیومن رائٹس واچ اورانسانی حقوق کی دیگر بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ اسداللہ پرے سمیت تمام کشمیری نظربندوں کی رہائی کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں۔