مقبوضہ کشمیر ، تحریک حریت کی پارٹی رہنما فاروق احمد کی مسلسل نظر بندی کی مذمت

چیئر مین جموں و کشمیر سالویشن مو ومنٹ کا نظر بند کشمیریوں کی عید الاضحی سے قبل رہائی کا مطالبہ

ہفتہ 18 اگست 2018 18:04

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2018ء) مقبوضہ کشمیر میں تحریک حریت جموں کشمیر نے تنظیم کے رہنما فاروق احمد شاہ کی مسلسل غیر قانونی نظر بندی کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق تحریک حریت کے ترجمان نے سرینگر میںجاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی پولیس نے فاروق احمد شاہ کو پندرہ اگست کو گرفتار کیا تھا اور انہیں تاحال رہا نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ فاروق احمد شاہ کی مسلسل نظر بند ی کی وجہ سے ان کے اہلخانہ سخت پریشان ہیں۔ تحریک حریت کے ترجمان نے پارٹی رہنما کی گرفتاری کو بلا جواز قرار دیتے ہوئے انکی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔دریں اثنا جموں وکشمیر سالویشن موومنٹ کے چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے غیر قانونی طور پر نظر بند تمام کشمیریوں کی عید الاضحی سے قبل غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ظفرا کبر بٹ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کوٹ بھلوال جیل، سینٹرل جیل سرینگر، تہاڑ جیل نئی دلی، ادھمپور جیل ، کٹھوعہ ، ہیرا نگر اور دیگر جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کو طبی سمیت تمام سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے۔ انہوںنے نظر بندوں کے عزم وہمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ قابض انتظامیہ نظر بندوں کو محض سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔ ظفر اکبر بٹ نے کولگام کے گائوں بہان میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے محاصرے کی کارروائی کے دوران لوگوں کی مارپیٹ، املاک کی توڑ پھوڑ اور نوجوانوں کی گرفتار ی کی شدید مذمت کی۔