Live Updates

وفاقی کابینہ میں شامل وزرا (آج) ایوان صدر میں حلف اٹھائیں گے

اتوار 19 اگست 2018 14:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2018ء) وفاقی کابینہ میں شامل وزراء (آج)پیر کو ایوان صدر میں حلف اٹھائیں گے ۔نامزد وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے 21 رکنی وفاقی کابینہ کی منظوری ایک روز قبل ہی دے دی تھی جس میں 16 وزراء اور 5 مشیر شامل ہوں گے ،ْ وزراء (آج) پیر کو اپنے عہدوں کا حلف اٹھائیں گے۔

عمران خان نے اپنی کابینہ میں شاہ محمود قریشی کو وزیر خارجہ، پرویز خٹک کو وزیر دفاع، اسد عمر کو وزیر خزانہ و اقتصادی امور اور شیریں زاری کو انسانی حقوق کا قلمدان دینے کی منظوری دی ۔ شفقت محمود کے پاس وزارت تعلیم اور قومی تاریخ و ادب ہوں گی، فواد چودھری وزیر اطلاعات، خسرو بختیار آبی وسائل ،ْ عامر کیانی وفاقی وزارت صحت کا قلمدان سنبھالیں گے۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم کے فروغ نسیم وزیر قانون اور خالد محمود صدیقی انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے وزیر ہوں گے۔ وزارت ریلوے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کے سپرد کی گئی ،ْجی ڈی اے کی رکن اسمبلی فہمیدہ مرزا بین الصوبائی رابطہ کی وزیر ہوں گی۔طارق بشیر چیمہ ریاستی و سرحدی امور کے وزیر ہوں گے، نورالحق قادری کو مذہبی و اقلیتی امور کی وزارت دی گئی ہے ،ْغلام سرور خان کو پیٹرولیم ڈویڑن سونپا گیا ہے جبکہ زبیدہ جلال دفاعی پیداوار کی وفاقی وزیر ہوں گی۔اس کے علاوہ شہزاد ارباب مشیر اسٹیبلشمنٹ، عبدالرزاق داؤد کامرس اینڈ انڈسٹری، ڈاکٹر عشرت حسین ادارہ جاتی اصلاحات و کفایت شعاری، امین اسلم ماحولیات اور بابر اعوان کو پارلیمانی امور کا مشیر لگایا گیا ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات