امریکہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی کرنے کی بجائے اپنے مسائل پر توجہ دے‘میاں مقصود احمد

پاکستان ایک آزاد ملک ہے اور کسی بھی قسم کی ڈکٹیشن قابل قبول نہیں،خارجہ پالیسی کاازسرنوجائزہ لیاجائے‘امیر جماعت اسلامی پنجاب

جمعہ 31 اگست 2018 19:19

امریکہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی کرنے کی بجائے اپنے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اگست2018ء) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے امریکی حکام کی جانب سے پاکستان کو بھارت سے تعلقات بہتربنانے کاموقع دینے کے بیان پراپنے شدید ردعمل کااظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ امریکہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی کرنے کی بجائے اپنے مسائل پر توجہ دے ۔

پاکستان ایک آزاد ملک ہے اور کسی بھی قسم کی ڈکٹیشن قابل قبول نہیں۔امریکہ سمیت عالمی برادری کو پاکستان کی آزادی، خود مختاری اور سا لمیت کو ملحوظ خاطر رکھنا چاہے ۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ،بھارت اور اسرائیل عالمی امن کے لیے سب بڑاخطرہ بن چکے ہیں۔ دہشتگردی کے خاتمے کی رٹ لگانے والاامریکہ خود سب سے بڑادہشتگردملک ہے جس نے پوری دنیا کا امن تباہ وبرباد کردیا کرکے رکھ دیاہے۔

(جاری ہے)

عراق،افغانستان اور پاکستان میں دہشتگردی کے نام پر لاکھوں بے گناہ مسلمانوں کوموت کے گھاٹ اتاردگیاہے جبکہ اقوام متحدہ،عالمی دنیا اور امن وانسانیت کاپرچار کرنے والی این جی اوز کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی،ان کی خاموشی مجرمانہ فعل ہے۔ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت مسلمانوں کی نسل کشی کی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ اسلام اور مسلم دشمن قوتوں کامقابلہ کرنے کے لیے امت مسلمہ کومتحد ہوناہوگا۔

امریکہ،اسرائیل اور بھارت جنوبی ایشیاسمیت پوری دنیامیں دہشتگردی کوہوادے رہے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت خارجہ پالیسی کاازسرنوجائزہ لے کر قومی مفاد کوملحوظ خاطررکھتے ہوئے نئی پالیسی مرتب کرے۔میاں مقصود احمدنے مزیدکہاکہ جماعت اسلامی کاشروع دن سے یہ موقف رہا ہے کہ پاکستان کوہرقسم کی دراندازی سے پاک کرنے کے لئے امریکی کردار کو ختم کرنا ہوگا۔ریمنڈڈیوس نیٹ ورک اور’’را‘‘ پاکستان میںانتشار پھیلانے کے ساتھ دہشتگردی کوپروان چڑھارہے ہیں جس کا قلع قمع کئے بغیر پاکستان میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔ملکی ترقی وخوشحالی کے لئے ضروری ہے کہ دہشتگردی کی عفریت سے جلد ازجلدچھٹکارہ حاصل کیاجائے۔