چکوال ضمنی الیکشن، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال شروع

ہفتہ 1 ستمبر 2018 19:54

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 ستمبر2018ء) حلقہ این ای65کے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں سات امیدواروں کے کاغذات نامزدگی داخل ہونے کے بعد ان کاغذات کی جانچ پڑتال کا مرحلہ شروع ہوگیا ہے۔ پولنگ 14اکتوبر کو ہونی ہے۔ اس وقت ان سات امیدواروں میں دو امیدواروں نی25جولائی کے انتخابات میں بھی حصہ لیا تھا ان میں مسلم لیگ ن کے سردارفیض ٹمن نے ایک لاکھ چھ ہزار جبکہ تحریک لبیک پاکستان کے میجر(ر) محمد یعقوب سیفی نی23ہزار ووٹ حاصل کیے تھے۔

پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے بھی دو امیدواروں نے اپنے طور پر کاغذات نامزدگی داخل کرائے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کی ہائی کمان نے واضح اور دو ٹوک انداز میں چوہدری شجاعت حسین کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔ اس نشست پر چوہدری پرویز الہٰی مسلم لیگ ق کے ٹکٹ پر ایک لاکھ55ہزار ووٹ لیکر کامیاب ہوئے تھے اور اب انہوں نے سپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہونے سے پہلے یہ نشست خالی کردی ہے۔

(جاری ہے)

25جولائی کے الیکشن میں سردار منصور حیات ٹمن نے گیارہ ہزار سے زائد، متحدہ مجلس عمل کے پروفیسر حمید اللہ ملک نے تین ہزار کے قریب جبکہ پیپلز پارٹی کے ہاشم ڈھرنال نے چار ہزار کے قریب ووٹ حاصل کیے تھے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ اپوزیشن جماعتیں مسلم لیگ ن کے امیدوار سردار فیض ٹمن کی حمایت کریں گی۔ البتہ تحریک لبیک یارسول اللہ کا 23ہزار ووٹ پہلے بھی مسلم لیگ ن کی شکست میں واضح کردار بن کر سامنے آیا تھا اور 14اکتوبر کو مسلم لیگ ن اور تحریک لبیک پاکستان میں معاملات طے پاگئے اور دونوں میں سے ایک امیدوار پیچھے ہٹ گیا تو پھر یقینی طو رپر چوہدری شجاعت حسین کیلئے خطرے کی گھنٹی بجنے کا امکان ہے کیونکہ پاکستان تحریک انصاف کی مقامی قیادت میں پہلے ہی چوہدری شجاعت حسین کو امیدوار بنانے پر شدید تحفظات ہیں۔