Live Updates

چوہدری محمد سرور نے گورنر ہاوس بھوربن مری کو عوام کیلئے کھولنے کا اعلان کردیا

اتوار 9 ستمبر 2018 22:40

لاہور۔9 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2018ء) وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی ہدایات پرگورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے خوبصورت سیاحتی مقام گورنر ہاؤس بھوربن مری کو عوام کیلئے کھولنے کا اعلان کردیا، بلاتخصیص تمام شہری اتوار کے روز گورنر ہاؤس آسکیں گے، پی ٹی آئی حکومت نے محنت اور دیانتداری سے پاکستان کے غریب عوام کی خدمت کا عہد کر رکھا ہے اور تمام وسائل پاکستان کے عوام پر نچھاور کریں گے۔

گورنر ہاؤس بھور بن مری ہر اتوار کو صبح دس بجے سے شام چھ بجے تک شہریوں کے لئے کھلا رہے گا ، تمام خوبصورت عمارات اور جگہوں پرصرف اشرافیہ کا ہی نہیں عوام کابھی حق ہے اور ہم اپنا ہر فیصلہ عوام کے مفادات کو مد نظر رکھ کر کریں گے ۔اس امر کا اعلان انہوں نے گورنر ہاوس بھور بن مری میں ایک میڈیا بریفنگ کے موقع پر کیا ۔

(جاری ہے)

رکن قومی اسمبلی صداقت عباسی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

گورنر پنجاب نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان سابقہ حکمرانوں کی شاہانہ انداز کو ختم کرکے اختیارا ت عوام تک منتقل کر رہے ہیں،فیصلے اب لاہور سے نہیں بلکہ یونین کونسل کی سطح پر عوام خود کریں گے جس کے لئے بلدیاتی نظام کو فعال کیا جا جا رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان کے اعلان کے مطابق صوابدیدی اختیارات ختم ہونے کے بعد تعلیم ، صحت ، پینے کے صاف پانی سمیت دیگر منصوبے بلدیاتی نمائندے عوامی مشاورت سے خود تجویز کریں گے۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورنے کہاکہ گورنر ہاوس لاہور بھی عوام کیلئے کھول دیا گیا ہے اور اپنے سابقہ دور میں گورنر پنجاب کے طورپر انہوں نے گورنر ہاوس میں اپنی پہلی عید یتیم بچوںکے ساتھ منائی اور اسی طرح تمام اہم عمارات اور ایسی اہم مقامات پر صرف حکمرانوں کو ہی نہیں عوام کو بھی جانے کی اجازت ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ انشاء اللہ عمران خان کی قیادت میں تمام وعدے پورے کریں گے۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورکہا کہ انہوں نے انتقامی سیاست کودفن کردیا ہے، انتظامیہ کو سیاسی مخالفت کے لئے استعمال نہیں کریںگے - انہوںنے کہاکہ بلدیات کو مکمل طو پر با اختیار بنانے سے فیصلے مقامی سطح پر ہوںگے ۔ترقیاتی منصوبوں کا اعلان حکمرانو ں کی صوابدید نہیں بلکہ عوام کی منشاء سے ہو گا۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورنے کہاکہ سیاسی اثر و رسوخ اور ذاتی تعلق کی بنیاد پر نہیں بلکہ کارکردگی ، میرٹ اور انصاف کی بناء پر سرکاری افسران کی تعیناتیاں کی جا رہی ہیں اور انہیں منتخب عوامی نمائندوںکی طرف سے کوئی شکائیت ہوتو وہ الیکشن کمیشن سے رجوع کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ وہ صاف ستھری سیاست پر یقین رکھتے ہیں اور شخصی فیصلوںکے بجائے مشاورت کے ذریعے عوامی فلاح و بہبود اور ملکی تعمیر و ترقی اور معاشی استحکام پر عمل پیرا ہیں۔ میڈیا کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہاکہ تمام عوامی مسائل ترجیحی بنیادوںپر حل کرنے کے لئے منتخب عوامی نمائندے دن رات کوشاں ہیں اور ہم اپنی کارکردگی کے بل بوتے پر عوامی توقعات پر پورااتریں گے۔

رکن قومی اسمبلی صداقت عباسی نے گورنر پنجاب کے دورہ مری کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے گورنر ہاوس کا تحفہ ملنے پر انہیں مبارک باد دی اور کہا کہ تعلیم ، صحت اور پانی کے مسائل تحریک انصاف ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔ رکن پنجاب اسمبلی میجر( ر) لطاسب ستی نے گورنر پنجاب کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے مقامی افراد اور تمام شہریوں کے لئے گورنر ہاوس کھولنے کا اعلان کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات