بھارتی فوج ایل او سی پر بین الاقومی اصولوں کی خلاف ورزیوں کی انتہا کر رہی ہے، راجہ فاروق حیدر

اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقومی انسانی حقوق کے اداروں کو نوٹس لینا چاہیے،مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کا پردہ چاک کرنے کیلئے اقوام متحدہ کا کمیشن برائے انسانی حقوق کا تحقیقاتی مشن مقبوضہ کشمیر بھیجا جائے،وزیر اعظم آزاد کشمیر

منگل 11 ستمبر 2018 17:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2018ء) آزادجموں وکشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ بھارتی فوج ایل او سی پر بین الاقومی اصولوں کی خلاف ورزیوں کی انتہا کر رہی ہے۔بھارتی فوج کنٹرول لائن پر سول آبادی بالخصوص بزرگوں ،خواتین اور بچوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے کنٹرول لائن پر ہسپتال اور سکول مسلسل نشانہ بن رہے ہیں جس کا اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقومی انسانی حقوق کے اداروں کو نوٹس لینا چاہیے۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کا پردہ چاک کرنے کیلیے اقوام متحدہ کا کمیشن برائے انسانی حقوق کا تحقیقاتی مشن مقبوضہ کشمیر بھیجا جائے۔وزیراعظم نے یہ بات ایک انٹرویو میں کہی۔راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ بھارتی فوج کنٹرول لائن پر تمام اصول و ضوابط اور بین الاقوامی معاہدوں کی مسلسل خلاف ورزی کر رہی ہے جو خطے کے امن کیلیے خطرہ بنتی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز بھی بلااشتعال فائرنگ کے دوران بھارتی فوج نے ایک شہری کو شہید کر دیا جو اپنے روزمرہ کے کاموں میں مصروف تھا۔راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ جن سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں سے متعلق اقوام متحدہ کی رپورٹ آئی ہے بھارتی فوج کے مظالم میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔انہوں نے اقوام متحدہ کے ادارے برائے انسانی حقوق سے اپیل کی کہ وہ اپنا فیکٹ فائنڈنگ مشن مقبوضہ کشمیر بھیجے تاکہ بھارتی مظالم اور بربریت سے دنیا کو آگاہ کیا جا سکے۔

انہوں نے ویٹو پاور کی حامل عالمی طاقتوں سے بھی کہا کہ وہ اپنا اثرو رسوخ استعمال کر کے بھارت کو مجبور کریں کہ وہ انسانی حقوق کمیشن کو مقبوضہ کشمیر میں رسائی دے۔وزیراعظم نے کہا کہ آزادکشمیر میں جو بھی بین الاقومی وفد آتا ہے وہ یہاں کی ترقی ،عوامی شعور کی بالیدگی،تعلیم ،انفرسٹرکچر، معاشی خوشحالی اور انسانی حقوق کی بہترین صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کشمیریوں کا بنیادی حق جو بھارت نے غصب کر رکھا ہے دئے بغیر خطے میں قیام۔امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔وزیراعظم نے کہا کہ آج بھی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے دو مزید کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا یہ بربریت اور دہشت گردی کی بدترین شکل ہے جس کا مظاہرہ بھارتی فوج آئے دن کرتی رہتی ہے۔انہوں نے کہا ہم ہر عالمی فورم کا دورازہ کھٹکھٹاتے رہیں گے تاکہ بھارت کشمیریوں کے غصب شدہ حقوق واپس دے۔

وزیراعظم نے بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونیوالے شہری کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار بھی کیا جسے پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا تھا۔یاد رہے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے ہدایت دے رکھی ہے کہ کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے شہید ہونے والے کشمیری شہریوں کو پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے۔