Live Updates

وزیراعظم قومی کشمیر پالیسی بنائیں ،

خارجہ پالیسی پارلیمنٹ میں ہی بنائی جائے ‘لیاقت بلوچ جموں و کشمیر میں جعلی انتخابات رائے شماری کا نہیں ،پوری ریاست سے ناجائز قابض بھارتی فوج کا انخلا از بس ضروری ہے

پیر 17 ستمبر 2018 13:36

وزیراعظم قومی کشمیر پالیسی بنائیں ،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2018ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان قومی کشمیر پالیسی بنائیں ، خارجہ پالیسی پارلیمنٹ میں ہی بنائی جائے ، اقوام متحدہ میں موثر ، مضبوط اور مدلل بنیادوں پر آواز بلند کی جائے ۔این اے 130 کی کور کمیٹی ارکان ، معززین ، سپورٹرز اور نوجوانوں کے اعزاز میں عشائیہ سے خطاب اور آل پارٹیز حریت کانفرنس کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی شہادتیں اور قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔

انڈیا جموں و کشمیر کا معاشرتی ڈھانچہ تباہ کرنے کے لیے عسکری ، نفسیاتی اور تشدد کا دبائو بڑھا رہاہے ۔انہوںنے کہاکہ حق خود ارادیت کی جدوجہد دہشتگردی یا فرقہ پرستی نہیں ۔

(جاری ہے)

جموں و کشمیر میں جعلی انتخابات رائے شماری کا نہیں ،پوری ریاست سے ناجائز قابض بھارتی فوج کا انخلا از بس ضروری ہے ۔ غیر ریاستی باشندوں کا بسانا ناجائز ہے، یہ حق خود ارادیت کے تعلق کی نسبت سے دِلّی کی سازش ہے ۔

انہوںنے کہاکہ حکومت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور بھارتی جاسوس دہشتگرد کلبھوشن کیوں بھلا بیٹھی ہے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ نظام مصطفیٰؐ کے قیام کی جدوجہد ہر صورت جاری رہے گی ۔ پاکستان اسلامی و نظریاتی ملک ہے۔ پوری دنیا ہمارے اس کردار کو تسلیم کرے گی شرط یہ ہے کہ کرپشن کا خاتمہ ہو ، کشکول توڑ کر خود انحصاری کی طرف آئیں ، حکومتیں دعوئوں ، اعلانات اور بڑھکیں مارنے کی بجائے عملی اقدامات کریں ۔ انہوںنے کہاکہ عوامی مسائل مسلسل بڑھ رہے ہیں غریب عوام پس رہے ہیں ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات