جنیوا :کشمیر میں بھارتی مظالم کے حوالے سے تصویری نمائش کا آغاز

ہفتہ 22 ستمبر 2018 16:04

جنیوا ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2018ء) جنیوا میں اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے اجلاس میں شریک کشمیری وفد نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے حوالے سے ایک تصویری نمائش کا آغاز کیا ۔ نمائش میں معروف بین الاقوامی فوٹو جرنلسٹوں کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں لی گئیں تصاویر بھی شامل ہیں ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق جنیوا پریس کلب میں ہونے والی تصویری نمائش کا افتتاح اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی39ویں اجلاس میں شریک کشمیری رہنما الطاف حسین وانی نے کیا ۔

عام لوگوں کے علاوہ جنیوا یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم طلباء اور انسانی حقوق کے کارکن نمائش میں بہت دلچسپی لے رہے ہیں۔ نمائش دیکھنے والوں کو اسکا یہ پہلو بہت متاثر کر رہا ہے کہ اس میں رکھی جانے والی تمام تصاویر مستند وتصدیق شدہ ہیں اور تاریخ و تفصیل کے ساتھ پیش کی گئی ہیں ۔

(جاری ہے)

کشمیری وفد میں شامل احمد قریشی کا کہنا ہے کہ یہ نمائش بھارتی حکومت کے ان دعوؤں کا جواب ہے کہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف کے بارے میں جو تصاویر دکھائی جاتی ہیں وہ دراصل یہاں کی نہیں بلکہ شام ، لیبیا اور دیگر جنگ زدہ علاقوں کی ہیں ۔

احمد قریشی نے کہا کہ انہوں نے یہ بات یقینی بنائی ہے کہ ہر تصویر پر تاریخ و تفصیل،فوٹو جرنلسٹ کا نام، تصویر میں دکھائے گئے لوگوں کے نام اور جس اخبار نے تصویر شائع کی ہے اس کا نام لازمی موجود ہو ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے اب تک تقریباً 1000 مصدقہ تصاویرجمع کر لی گئی ہیں۔ احمد کشمیر ی نے مزید کہا کہ اس برس مسئلہ کشمیر ایک تاریخی موڑ میں داخل ہو چکا ہے کیونکہ اقوامِ متحدہ نے کشمیر میں بھارت کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے رپورٹ جار ی کر کے اپنی طویل خاموشی توڑ دی ہے ۔

انہوںنے کہا کہ عالمی ادارے نے اپنی رپورٹ میں ایک مرتبہ پھر کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت کو تسلیم کیا ہے اورمقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی بین الاقوامی تحقیقات کی سفارش کی ہے ۔