مقبوضہ کشمیر ،ْ مسلم کانفرنس کی بیگناہ کشمیریوں کے قتل کی مذمت

کشمیر ی تنازعہ کشمیر کا اپنی خواہشات کے مطابق پر امن حل چاہتے ہیں ،ْ مختار وازہ

ہفتہ 22 ستمبر 2018 18:40

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں جموںوکشمیر مسلم کانفرنس نے بھارتی فورسز کی طرف سے آئے روز بیگناہ کشمیریوں کے قتل کی شدید مذمت کی ہے ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق جموںوکشمیر مسلم کانفرنس نے سرینگر میں منعقدہ اپنی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحا ل کا جائزہ لیا ۔

اجلاس میں غیر قانونی طور پر نظر بندپارٹی چیئرمین شبیر احمد ڈار کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کے شرکا نے حریت رہنمائوں کی گرفتاری اور انکے اہلخانہ کو ہراساں کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قابض انتظامیہ اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ہرگز دبا نہیں سکتی۔ دریں اثنا حریت رہنما او ر جموںوکشمیر پیپلز لیگ کے چیئرمین مختار احمد وازہ نے ضلع اسلام آباد کے علاقے اچھہ بل میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ایک سیاسی مسئلہ ہے جسے سیاسی طریقے سے ہی حل کیا جانا چاہیے۔

انہوںنے کہا کہ کشمیری امن پسند لوگ ہیں اور وہ اپنی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کا ایک پرامن حل چاہتے ہیں۔ مختار احمد وازہ نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کے حل تک خطے میں پائیدار امن و ترقی کا خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔