بھارت کشمیر میں گزشتہ 70 برس سے خون کی ہولی کھیل رہا ہے، اشرف صرائی

بدھ 26 ستمبر 2018 12:56

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں تحریک حریت جموں کشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے کیلئے گزشتہ 70برس سے مقبوضہ علاقے میں خون کی ہولی کھیل رہا ہے لیکن کشمیری حق پر مبنی اپنی جدوجہد آب و تاب سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد اشرف صحرائی نے سرینگر میں پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں سوپور کے علاقے نوپورہ میں شہید ہونے والے تین نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکمرانوں نے کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو ختم کرنے اور جدوجہد آزادی کو کچلنے کیلئے سارے حربے آزمائے لیکن ناکام رہا۔

انہوںنے کہا کہ بھارت اپنے مظالم میںجس قدر اضافہ کرتا گیا ، کشمیر یوں کی جدوجہد میں اس قدر تیزی آتی گئی۔

(جاری ہے)

محمد اشرف صحرائی نے کہا کہ کشمیری نوجوانوں نے تحریک آزادی کو اپنے لہو سے سینچا ہے اور وہ اپنی اٹھی جوانیاں قوم کے روشن مستقبل کیلئے قربان کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ بھارت نے مسلمہ بین الاقوامی اصولوں ، ضوابط اور قوانین کو پاؤں تلے روندتے ہوئے جموں کشمیر کی سرزمین پرکشمیریوں کی مرضی اور منشا کے خلاف قبضہ جمایا ہے جس کے خلاف کشمیری ایک پر امن جدوجہد کر رہے ہیں اور وہ اپنی اس جدوجہد کو مقصد کے حصول تک ہر قیمت پر جاری رکھیں گے۔

انہوں نے حریت رہنمائوں سید امتیاز حیدر، محمد یٰسین عطائی اورنثار حسین راتھر اور دیگر کو کو گرفتار کرکے تھانوں میں نظر بند کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے بھارتی پولیس کی کارروائی کی بلا جواز قرار دیا۔