Live Updates

وزیر اعظم عمران خان کا کوئٹہ کینٹ سدرن کا دورہ ،ْ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے استقبال کیا ،ْ سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ

پاکستان کا معاشی مستقبل بلوچستان سے جڑا ہے ،ْخیبر پختون خوا کے شورش زدہ علاقوں میں قیام امن کے بعد ہماری توجہ بلوچستان پر ہے ،ْآرمی چیف صوبوں اور وفاق کے درمیان تعاون اور فوج کی مدد سے بلوچستان کے حقیقی وسائل سے استفادہ کیا جاسکتا ہے ،ْوزیر اعظم عمران خان

ہفتہ 6 اکتوبر 2018 19:49

وزیر اعظم عمران خان کا کوئٹہ کینٹ سدرن کا دورہ ،ْ آرمی چیف جنرل قمر ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اکتوبر2018ء) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان کا معاشی مستقبل بلوچستان سے جڑا ہے ،ْخیبر پختون خوا کے شورش زدہ علاقوں میں قیام امن کے بعد ہماری توجہ بلوچستان پر ہے ۔ہفتہ کو ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ کینٹ میں سدرن کمانڈ کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ ائیر بیس پر ان کا استقبال کیا۔

وزیراعظم کے ہمراہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اور وفاقی وزراء بھی تھے۔سدرن کمانڈ میں وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں انہیں صوبے کی سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کو خوشحال بلوچستان معاشی ترقیاتی پروگرام، سی پیک کے سکیورٹی منصوبوں اور پاک افغان بارڈر پر باڑ لگانے کے کام پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ خیبر پختون خوا کے شورش زدہ علاقوں میں قیام امن کے بعد ہماری توجہ بلوچستان پر ہے، پاکستان کا معاشی مستقبل بلوچستان سے جڑا ہے۔وزیراعظم نے صوبے میں امن کے قیام کیلئے سکیورٹی فورسز کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبوں اور وفاق کے درمیان تعاون، جامع قومی کوشش کے ذریعے اور فوج کی مدد سے بلوچستان کے حقیقی وسائل سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان سے گورنر بلوچستان جسٹس (ریٹائرڈ) امان اللہ خان اور وزیر اعلیٰ بلوچستان جام محمد کمال نے الگ الگ ملاقات کی، جس میں بلوچستان کی مجموعی صورتحال اور صوبے میں ترقیاتی و فلاح عامہ کے منصوبوں کی رفتار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود اور صوبے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے پر عزم ہے، اس عزم کی تکمیل کے لیے تمام فریقین کی مشاورت سے مکمل وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات