Live Updates

وزیراعلیٰ آفس میں عوامی مسائل حل کرنے کیلئے جدید شکایت سیل بنایاجائے گا،خود مانیٹرنگ کروں گا، سردار عثمان بزدار

وزیر پٹرولیم، اراکین اسمبلی،تحریک انصاف کے رہنماؤں اور مختلف وفود سے ملاقاتیں ،مسائل سنے اوران کے حل کیلئے احکامات جاری کیے

جمعہ 19 اکتوبر 2018 20:40

وزیراعلیٰ آفس میں عوامی مسائل حل کرنے کیلئے جدید شکایت سیل بنایاجائے ..
لاہور۔19 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ عوام کے مسائل میرے اپنے مسائل ہیں۔ وزیراعلیٰ آفس میں عوامی مسائل حل کرنے کیلئے جدید شکایت سیل بنایاجائے گا اورشکایت سیل کی خود مانیٹرنگ کروں گا۔ میرا اپنے عوام کے ساتھ رشتہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہوا ہے۔ موجودہ حکومت کو ورثے میں تباہ حال معیشت ملی۔

مشکل وقت زیادہ دیر نہیں رہے گااور جلد عوام کی عارضی مشکلات دو ر ہوں گی کیونکہ ہم عمل پر یقین رکھتے ہیں اور عملی اقدامات کرتے ہیں۔ وہ وزیر اعلیٰ آفس میں وفاقی وزیر پٹرولیم، اراکین اسمبلی،تحریک انصاف کے رہنماؤں اور مختلف وفود سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے یہاں وزیراعلیٰ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر لوگوں کے مسائل بھی سنے اور ان کے حل کے لئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ سابق دور کھوکھلے نعروں اور نمائشی منصوبوں کا دور تھا، لیکن اب ایسا نہیں ہے۔ جو کام کرکے عوام کی خدمت کر ے گا وہی عہدے پر رہے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک میں مثبت تبدیلی کی علامت بن چکی ہے۔ بجٹ میں عام آدمی کی ضروریات کو ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے۔ تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شفافیت، سادگی اور کفایت شعاری تحریک انصاف کا طرہ امتیاز ہے۔ ہم نے ہر کام میرٹ پر کیا ہے اور میرٹ پر ہی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ عناصر کی اس صوبے میں کوئی گنجائش نہیں۔ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ اپوزیشن حکومت کی توجہ عوامی مسائل سے ہٹانا چاہتی ہے۔ عوام کے دیئے گئے مینڈیٹ کی لاج رکھیں گے۔

اپوزیشن نان ایشوز پر سیاست کررہی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ مخالفین اپنا سیاسی مستقبل تاریک دیکھ کرخوف زدہ ہوچکے ہیں۔وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں عوام کی فلاح وبہبود کا ہر وعدہ نبھائیں گے۔پاکستان کے ساتھ ساتھ پنجاب بھی بدل رہا ہے اورتبدیلی کا وعدہ پورا ہوگا۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان، اراکین صوبائی اسمبلی سید صمصام علی شاہ بخاری، احمد علی اولکھ،صاحبزادہ غزین عباسی،محمد عاطف ،عمر آفتاب ڈھلوں،خرم اعجاز چٹھہ، میاں خالد محمود،مسز شمیم آفتاب،عفت فردوس رائے ،مومنہ وحید ،زارا نقوی اور سابق ضلعی ناظم ساہیوال رائے حسن نواز شامل تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات