مقبوضہ کشمیر: مشترکہ مزاحمتی قیادت کی پلوامہ میں حاملہ خاتون کو قتل کئے جانے کی شدید مذمت

عالمی برادری کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق دلانے اور نسل کشی سے بچانے کیلئے اپنا کردارادا کرے

ہفتہ 20 اکتوبر 2018 20:35

سری نگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں سید علی گیلانی ، میرواعظ عمر فاروق اور محمدیاسین ملک پر مشتمل مشترکہ مزاحمتی قیادت نے ضلع پلوامہ کے علاقے شادی مرگ میں بھارتی فورسز کی طرف سے ایک حاملہ خاتون کوبے دردی کے ساتھ شہید کئے جانے پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسکی شدید مذمت کی ہے ۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق آزادی پسند رہنمائوں نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں شہید خاتون کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک المناک اور تکلیف دہ واقعہ ہے۔

انہوںنے مرحومہ کے لیے بلندی درجات اوران کے شوہر اور غمزدہ خاندان کے لیے صبر جمیل کی دعاکی۔ مزاحمتی رہنمائوں نے ضلع پلوامہ کے علاقے ترچھل لاسی پورہ پر بھارتی فوج کی یلغار ،مکانات کی توڑ پھوڑ اور مکینوں کو بلاامتیاز تشدد کا نشانہ بناکردو خواتین سمیت 15افراد کو بری طرح زخمی کئے جانے کی مذمت کرتے ہوئے اسے بربریت کی انتہا قرار دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بھارتی فوج کشمیر میںنافذکالے قوانین کی وجہ سے جس کے تحت اسے لامحدود اختیارات حاصل ہیں جب چاہے اور جسے چاہے اپنی جارحیت کا نشانہ بنادیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں ظلم و تشدد اور جبر واستبداد کے بدترین دور سے گزررہے ہیں، مزاحمتی قیادت کی پر امن سیاسی سرگرمیوں پر پہرے بٹھا دیے گئے ہیں، نوجوانوںکو پشت بہ دیوار کیا جارہا ہے اور ہرطرف خوف و دہشت کا ماحول پیداکیا گیا ہے۔

مزاحمتی رہنمائوں نے کہاکہ اس افسوسناک اور کربناک صورتحال کی بنیادی وجہ طاقت اور تشدد سے کشمیریوں کے جذبات اور احساسات کو دبانا اور انہیں اپنے پیدائشی حق ، حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد سے باز رکھنا ہے ۔انہوںنے اقوام عالم سمیت انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں سے اپیل کی کہ وہ آگے آئیں اور کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق دلانے اور انہیں نسل کشی سے بچانے کیلئے اپنا موثر کردارادا کریں۔

آزادی پسند رہنمائوں نے بھارت کے مختلف شہروںمیں زیر تعلیم کشمیری طلباء ، تاجروں اور دیگرکشمیریوں کے تحفظ کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا کرتے ہوئے متعلقہ ریاستوں کی حکومتوں اور اداروں پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کے جان و مال کے تحفظ کویقینی بنانے کے لیے اپنی قانونی ذمہ داریاں پوری کریں۔