ماہرہ عمر کی ڈاکومینٹری فلم ’’پاکستان چوک ‘‘ کی استنبول کے 12 روزہ انٹر نیشنل آرکی ٹیکچر اینڈ اربن فلمز فیسٹیول میں نمائش

اتوار 28 اکتوبر 2018 16:20

استنبول ۔28 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اکتوبر2018ء) ماہرہ عمر کی ڈاکومینٹری فلم ’’پاکستان چوک ‘‘ کی استنبول کے 12روزہ انٹر نیشنل آرکی ٹیکچر اینڈ اربن فلمز فیسٹیول میں نمائش کی گئی۔ کراچی میں آرام باغ کے تاریخی مقام کے ارد گرد شہریوں کی بڑی تعداد حالیہ سالوں کے دوران منشیات کی لت میں گرفتار ہو ئی جبکہ اس کے علاوہ آرام باغ کا تاریخی علاقہ کوڑے کے ڈھیر میں بدل چکا ہے۔

فلم میں تاریخی چوک کی آزادی سے قبل کی پوزیشن بحال کرنے کے حوالے سے ماہر تعمیرات اور تاریخ دان ماروی مظہر کے کردار کو اجاگر کیا گیا ہے ۔ فلم میں ٹیلر ڈی پاک کے مالک اور درزی مسعود الحسن نے کہا ہے کہ ماضی میں جب گھر چھوٹے ہوتے تھے خواتین گھروں میں رات کا کھانا تیار کر کے اپنے خاوندوں کا کام سے واپسی کا انتظار کرتی تھیں ، بچیاں چوک کے ارد گرد کھیلتی تھیں اور انکے سکارف گردنوں میں لپٹے ہوتے تھے اور وہ اپنے بچپن کی کھیلیں کھیل رہی ہوتی تھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تاریخی چوک کی اصل حالت کو بگاڑنے میں انتظامیہ کا بھی ہاتھ ہے۔فلم کی ڈائریکٹر ماہیرہ عمر نے کہا کہ جب میں نے اسطرح کے اہم شہری مسئلہ کو اجاگر کرنے کے حوالے سے ماروی مظہر کے اقدامات سنے تو میں نے انکی کاوششوں اور مقامی آبادی کو ان کا ماضی یاد دلانے کیلئے پاکستان چوک کے نام سے فلم بنانے کا فیصلہ کیا۔فلم فیسٹیول میں شامل افراد نے ڈاکومینٹری فلم ’’پاکستان چوک ‘‘کو بہت پسند کیا ۔