پی ایس پی کے متعدد رہنماؤں کے ڈاکٹر عشرت العباد سے رابطے

انیس ایڈووکیٹ، رضا ہارون، ڈاکٹرصغیرسمیت دیگر الیکشن میں ناکامی پردلبرداشتہ ہیں، پی ایس پی رہنماؤں کے سابق گورنر ڈاکٹر عشرت العباد سے نئی پارٹی بنانے کیلئے صلاح مشورے شروع

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 28 اکتوبر 2018 18:18

پی ایس پی کے متعدد رہنماؤں کے ڈاکٹر عشرت العباد سے رابطے
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔28 اکتوبر 2018ء) پاک سرزمین پارٹی کے متعدد مرکزی رہنماؤں نے مصطفیٰ کمال سے راہیں الگ کرلیں، جس پر پی ایس پی رہنماؤں نے سابق گورنر ڈاکٹر عشرت العباد سے رابطے شروع کردیے ہیں، انیس ایڈووکیٹ، رضا ہارون، ڈاکٹرصغیرسمیت دیگر الیکشن میں ناکامی پرمایوس ہوگئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاک سرزمین پارٹی کے متعدد رہنماؤں نے سابق گورنر ڈاکٹر عشرت العباد سے رابطے شروع کردیے۔

بتایا گیا ہے کہ پی ایس پی کے سینئر رہنماء انیس ایڈووکیٹ، رضا ہارون اور ڈاکٹرصغیرنے الیکشن میں ناکامی پر پی ایس پی سے راہیں الگ کرلی ہیں۔ پارٹی رہنماء سلیم تاجک اورشکیل عمر بھی انیس ایڈووکیٹ اور دیگر کے ساتھ ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک سرزمین پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے سابق گورنر ڈاکٹر عشرت العباد کو نئی پارٹی بنانے کیلئے صلاح مشورے دینے شروع کردیے ہیں۔

(جاری ہے)

پی ایس پی کو چھوڑنے والے متعدد پارٹی رہنماؤں کا جلد ڈاکٹر عشرت العباد سے ملاقات کا بھی امکان ہے جس میں ان کی قیادت میں مشترکہ لائحہ عمل بنانے پر غور کیا جائے گا۔ واضح رہے الیکشن 2018ء سے قبل کراچی میں سیاسی تبدیلیوں کے باعث نئی جماعتوں نے جنم لیا تھا۔ ایم کیوایم بانی متحدہ کے بعد مختلف دھڑوں میں تقسیم ہو کررہ گئی۔ جبکہ عشرت العباد کے گورنر کا عہدہ چھوڑنے کے بعد ان پر مصطفٰی کمال نے کرپشن کے شدید الزام لگائے۔

تاہم وہ گورنر شپ سے الگ ہوکر دبئی منتقل ہوگئے۔ لیکن الیکشن میں ایم کیوایم پاکستان ، پاک سرزمین کو شدید دھچکا لگا۔ کراچی میں تحریک انصاف نے ایم کیو ایم پاکستان اور پی ایس پی کا صفایا کردیا۔ جس پر دونوں جماعتوں کے کارکنان کو شدید مایوسی ہوئی ہے۔ فاروق ستار نے ایم کیوایم پاکستان نظریاتی بنانے کا اعلان کردیا ہے۔ جبکہ اب پی ایس پی کے رہنماؤں نے بھی نئی جماعت کیلئے سابق گورنر عشرت العباد سے رابطے شروع کردیے ہیں۔