Live Updates

عمران خان کروڑوں عاشقان رسول کو چھوٹا سا گروہ کہنے پر معافی مانگیں،حامد رضا

وزیراعظم عمران خان متکبرانہ لہجہ تبدیل کریں، آسیہ کیس کا فیصلہ شرعی تقاضوں کے سراسر منافی ہے ملک کو سیکولر بنانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے ، سیاسی و مذہبی قائدین متحد ہو کر ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی سازشیں ناکام بنائیں صوفیا کے ماننے والوں کو تشدد کے راستے پر ڈالنے کی سازشیں ناکام بنائیں گے مولانا سمیع الحق کا قتل ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی سازش ہے، قوم کے لئے حب عمران نہیں حب رسول زیادہ اہم ہے،چیرمین سنی اتحاد کونسل پاکستان

ہفتہ 3 نومبر 2018 22:49

عمران خان کروڑوں عاشقان رسول کو چھوٹا سا گروہ کہنے پر معافی مانگیں،حامد ..
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 نومبر2018ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ عمران خان کروڑوں عاشقان رسول کو چھوٹا سا گروہ کہنے پر معافی مانگیں۔ وزیراعظم عمران خان متکبرانہ لہجہ تبدیل کریں۔ آسیہ کیس کا فیصلہ شرعی تقاضوں کے سراسر منافی ہے۔ عشق رسول کا شعلہ مسلمانوں کے قلب میں حرارت ایمانی کو ٹھنڈا نہیں ہونے دیتا۔

حکومت گرفتار کارکنان کو رہا کرنے کا وعدہ پورا کرے۔ موجودہ حکمران بھی پرانے حکمرانوں کی روش پر چل پڑے ہیں۔ ملک کو سیکولر بنانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے ،بیرونی قوتیں پاکستان کے مذہبی معاملات میں مداخلت بند کریں۔ آسیہ کیس کے حوالے سے پاک فوج پر تنقید کا کوئی جواز نہیں۔ جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کرنے والوں کا اہل سنت سے کوئی تعلق نہیں۔

(جاری ہے)

پرتشدد احتجاج عاشقان رسول کا شیوہ نہیں۔ ہم نے ہمیشہ انتہا پسندی کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔ سیاسی و مذہبی قائدین متحد ہو کر ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی سازشیں ناکام بنائیں ، آسیہ کیس کی نظرثانی درخواست کی سماعت کے لئے فل بینچ تشکیل دیا جائے اور فل بینچ میں فیصلہ سنانے والے ججز کو شامل نہ کیا جائے۔ آسیہ مسیح کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے معاملے میں تاخیری حربہ برداشت نہیں کریں گے۔

آسیہ مسیح کو بیرون ملک فرار کرایا گیا تو حکومت قائم نہیں رہ سکے گی۔ صوفیا کے ماننے والوں کو تشدد کے راستے پر ڈالنے کی سازشیں ناکام بنائیں گے۔مولانا سمیع الحق کا قتل ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی سازش ہے۔ قوم کے لئے حب عمران نہیں حب رسول زیادہ اہم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ رضویہ میں ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی دھمکی آمیز تقریر نے جلتی پر تیل کا کام کیا۔ تحفظ ناموس رسالت کے لئے جدوجہد کرنا شدت پسندی نہیں عشق رسول کا اظہار ہے۔ ناموس رسالت کے تحفظ کے معاملے میں کسی مصلحت کا شکار نہیں ہو سکتے۔ عشق رسول مسلمانوں کا قیمتی ترین اثاثہ ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ عالمی طاقتیں پاکستان کے حالات خراب کرنے کی کوششیں کر رہی ہیں۔ ملک کو اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے۔ آصف علی زرداری نے حکومت کو تعاون کی پیشکش کر کے بڑے پن کا ثبوت دیا ہے۔ حکومت اپوزیشن کے تعاون کے بغیر ملک کو بحران سے نہیں نکال سکتی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات