مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد پنچایتی انتخابات کے انعقاد کے خلاف مکمل ہڑتال

ڈھونگ انتخابات کا مقصد کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو ختم کرنا ہے‘میرواعظ

ہفتہ 17 نومبر 2018 20:00

سری نگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد پنچایتی انتخابات کے انعقاد کے خلاف احتجاج کے لیے آج مکمل ہڑتال کی گئی۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ہڑتال کی کال سید علی گیلانی ،میر واعظ عمرفاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے دی تھی ۔مقبوضہ علاقے میں تمام دکانیں اور کاروباری ادارے بند جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی۔

نو مرحلوں میں ہونے والے پنچایتی انتخابات آج انتخابی علاقوں میں سخت سکیورٹی اور بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی بھاری تعداد میں تعیناتی کے ساتھ شروع ہوئے۔ قابض انتظامیہ نے علاقے میں آج ٹرین سروس اور بڈگام ، بارہمولہ ، بانڈی پورہ اور کپواڑہ اضلاع میں انٹر نیٹ سروس معطل کردی تھی۔

(جاری ہے)

حریت فورم کے چیئرمین میرواعظ عمرفاروق نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ کشمیریوں نے بھارت کی طرف سے مسلط کردہ انتخابات کو ہمیشہ مسترد کیا ہے جن کامقصدکشمیر کی متنازعہ حیثیت کو ختم کرنا ہوتا ہے۔

حریت رہنمائوں عبدالصمد انقلابی اور محمد شفیع لون نے اپنے بیانات میں کہا کہ بھارت نے ڈھونگ انتخابات کوہمیشہ عالمی برادری کوتنازعہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کی زمینی صورتحال کے بارے میں گمراہ کرنے کے لیے استعمال کیا ہے۔مقبوضہ کشمیر کی ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے سرینگر میںایک بیان میںبھارت کے تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی طرف سے دختران ملت کی چیئرپرسن آسیہ اندرابی اور ان کی ساتھیوں پر فرد جرم عائد کرنے اور سینئر حریت رہنما مسرت عالم بٹ پر 37ویں بار کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کرنے کی مذمت کی ہے۔

ادھر بھارتی پولیس نے ضلع شوپیان کے علاقوں میمندر اور ہیف شرمال سے چار نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے۔ جموںوکشمیر سالویشن مومنٹ نے سرینگر میں ایک بیان میں کہاکہ قابض انتظامیہ نے آج اس کے چیئرمین ظفر اکبربٹ کو گھر میں نظربند کردیا۔ جموںوکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے ایک وفدنے برطانیہ کے شہر ویرنگٹن میںشیڈو وزیر خارجہ ایملی تھارن بیری سے ملاقات کرکے انہیں کشمیر کے بارے میںاقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی حالیہ رپورٹ اور برطانوی پارلیمنٹ میں کل جماعتی کشمیر گروپ کی رپورٹ پیش کی۔

سٹراسبرگ میں یورپی پارلیمنٹ میں کشمیرکے حوالے سے تصویری نمائش ختم ہوگئی جس میں کشمیر ی عوام پر بھارتی مظالم کودکھا یا گیاتھا۔ نمائش میں بیلجیم کے عالمی شہرت یافتہ فرانسیسی نژاد فوٹو گرافر Cedric Gerbehayeکی مقبوضہ کشمیر میں کھینچی گئی تصاویر رکھی گئی تھیں۔ یورپی پارلیمنٹ سٹراسبرگ میں پہلی بار کشمیر کے حوالے سے تصویری نمائش کا انعقاد کیا گیا۔