کرتارپور سرحد کھولنا پاکستانی حکومت کا اچھا اقدام ہے،حاجی زاہد اعوان

ہمسایہ ممالک کیساتھ بہتر تعلقات ہی معاشی ومعاشرتی اور ادبی و ثقافتی حوالے سے اہم کردار ادا کریں گے، صدر پاکستان مسلم الائنس

پیر 3 دسمبر 2018 23:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2018ء) پاکستان مسلم الائنس کے مرکزی صدر حاجی زاہداعوان نے کہا ہے کہ کرتارپور سرحد کھولنا پاکستانی حکومت کا اچھا اقدام ہے، اس سے دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری کی امید پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات ہی معاشی ومعاشرتی اور ادبی و ثقافتی حوالے سے اہم کردار ادا کریں گے۔

کرتار پور سرحد کی طرح کشمیر کی سرحد کو بھی کھولا جائے تاکہ سرحدوں کی دونوں جانب لوگ اپنے عزیز و اقارب سے مل سکیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارت اور کشمیرمیں مسلمانوں کے مذہبی مقامات ہیں،پاکستانی حکومت مسلمانوں کے مذہبی مقامات تک ویزا فری رسائی کے لئے اقدامات کرے۔انہوںنے کہا ہے کہ کرتارپور سرحد کھولنا کوئی ایشو نہیں، ایشو یہ ہے کہ اس اقدام سے پاکستان کیا نفع حاصل کرسکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان پرامن تعلقات قائم ہونا دونوں ملکوں کے لئے انتہائی ضروری ہیں، بھارت اپنی متشددانہ پالیسی ترک کرے اور ورکنگ باونڈری پر پاکستان کے خلاف جارحانہ کارروائیاں بند کرے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کشمیر حل کرے۔ انہوں نے کہاکہ اصل مسئلہ قیام امن ہے دونوں ملکوں میں امن قائم ہو اور برابری کی بنیاد پر تعلقات مستحکم ہوں تو کشمیر سمیت دیگر باڈرزکھولنے میں بھی کوئی مضائقہ نہیں۔ انہوں نے کہاکہ سکھ ہمیشہ سے پاکستان آ رہے ہیں ۔