حریت رہنمائوں اور تنظیموں کی خان سوپوری کے ساتھ ظالمانہ سلوک روا رکھنے کی شدید مذمت

تحریک مزاحمت کی پارٹی چیئرمین بلال احمد صدیقی کی دوبارہ گرفتاری کی شدید مذمت

بدھ 12 دسمبر 2018 12:28

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے کشمیر اور بھارت کی جیلوں میں نظربند علیل حریت رہنما غلام محمد خان سوپوری اور دیگر حریت رہنمائوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے ظالمانہ سلوک کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق غلام محمد خان سوپوری، جنہیں حال ہی میںجموں سے بھارتی ریاست ہریانہ کی جھا جر جیل منتقل کیا گیا ہے ، شدید علیل ہیں۔

حریت رہنمائوں نے کہاکہ انہیں ضروری طبی سہولیات فراہم نہیں کی جارہی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے خان سوپوری کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ دریں اثناء تحریک مزاحمت نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں پارٹی چیئرمین بلال احمد صدیقی کی دوبارہ گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے سیاسی انتقام قراردیا ہے۔ بلال صدیقی کو مشترکہ حریت قیادت کی طرف سے انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف ایک ہفتہ طویل احتجاجی پروگرام دینے کے پیش نظر4دسمبر کو گرفتار کیا گیا تھا۔انہیں10دسمبر تک جوڈیشل ریمانڈ میں سینٹرل جیل سرینگر منتقل کیا گیااور گزشتہ روز انہیںضمانت پر رہاکیا گیا لیکن رہائی کے فوراً بعدانہیں دوبارہ اپنے گھر سے گرفتار کیا گیا۔ انہیں سرینگر کے راجباغ پولیس سٹیشن میں نظربند کیا گیاہے۔