مقبوضہ کشمیر، بلال صدیقی سرینگر سینٹرل جیل سے رہائی کے فورا بعد دوبارہ گرفتار

بدھ 12 دسمبر 2018 12:46

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی پولیس نے حریت رہنماء اور تحریک مزاحمت کے سربراہ بلال احمد صدیقی کو سینٹرل جیل سرینگر سے رہائی کے فورا بعد دوبارہ گرفتار کر کے راج باغ پولیس سٹیشن منتقل کردیا ہے ۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق تحریک مزاحمت کے ترجمان شبیر احمد زرگر نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں پولیس کی اس کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلال احمد صدیقی جنہیں پولیس نے 4 دسمبر کو ان کے گھر سے گرفتار کر کے 10 دسمبر تک جوڈیشل ریمانڈ پرسرینگر سینٹرل جیل منتقل کیا تھا کو گزشتہ روز ضمانت پر رہائی کے فوراً بعد دوبارہ گرفتار کر کے راج باغ پولیس سٹیشن منتقل کردیا گیا ہے۔

شبیر احمد زرگر نے قابض انتظامیہ کی اس کارروائیوںکو سیاسی انتقام پر مبنی قراردیتے ہوئے کہاکہ اس طرح کے ہتھکنڈوں کے ذریعے حریت قائدین کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کیا جاسکتا۔