Live Updates

سٹیل میلٹنگ انڈسٹری کو تباہی سے بچانے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں‘خواجہ شہزاد ناصر

جمعرات 13 دسمبر 2018 17:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2018ء) سٹیل میلٹر انڈسٹری کو مکمل تباہی سے بچانے کے لیے ٹیکسوں اور یوٹیلٹی پرائسز کے درمیان تفریق ختم کی جائے، تمام صوبوں کی صنعتوں کو یکساں مراعات دی جائیں تاکہ یہ ملک کی ترقی و خوشحالی میں کردار ادا کرسکیں۔ یہ مطالبہ عزیز الرحمن چن کی سربراہی میں پاکستان سٹیل میلٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر سے ملاقات میں پیش کیا۔

سابق صدر سہیل لاشاری، عبدالرحمن چن، میاں عتیق الرحمن، ملک زاہد، ملک عمیر زاہد، شیخ نعمان، سلمان ملک اور مجید لاشاری نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ وفد نے وزیراعظم عمران خان پر زور دیا کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کرکے مسائل حل کرائیں جنہوں نے سٹیل میلٹنگ انڈسٹری کو تباہی اور ہزاروں افراد کو بے روزگار کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔

(جاری ہے)

عزیز الرحمن چن نے کہا کہ لاہور میں 100کے لگ بھگ سٹیل میلٹنگ یونٹس قائم ہیں اور تقریباتمام بند ہیںجس کی بنیادی وجہ دیگر ٹیکسوں اور یوٹیلٹی پرائسز میں تفریق ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ سٹیل میلٹنگ انڈسٹری سے ٹیکسز مختلف مراحل کے لیے امپورٹ کی سطح پر وصول کرلیے جائیںجس سے اس دم توڑی صنعت کو سنبھالا ملے گا اور حکومت کے محاصل بڑھیں گے۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر نے کہا کہ تمام صوبوں کی صنعتوں کے لیے سہولیات، قواعد و ضوابط اور قوانین یکساں ہونے چاہئیں تاکہ انہیں کاروبار کرنے کے یکساں مواقع میسر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور دیگر صوبوں کی صنعتوں کے درمیان ٹیکسوں اور یوٹیلٹی پرائسز کی تفریق ایک بڑا مسئلہ ہے جو فوری حل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق غیرمتعلقہ وہ انڈسٹریل یونٹس بھی سٹیل میلٹنگ یونٹس قائم کررہے ہیں جنہیں یوٹیلٹی کم داموں پر میسر ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات