Live Updates

وزیراعظم عمران خان نے آئی سی ٹی پولیس اہلکاروں کیلئے شہداء معاونت پیکج ملک کے دیگر حصوں کے برابر کرنے کی تجویز کی منظوری دیدی

ْپولیس اہلکاروں کو صحت کی ضروریات مہیا کرنے کیلئے صحت انصاف کارڈز کی فراہمی کی بھی منظوری حکومت آئی سی ٹی پولیس کو عوام کی خدمت اور ایک مثالی پولیس فورس بنانے کیلئے ہر ممکنہ معاونت فراہم کرے گی، منشیات کے خلاف مہم کو کامیاب بنانے کیلئے تعلیمی اداروں کے سربراہان اور والدین کو بھی ساتھ لے کر چلا جائے وزیراعظم عمران خان کا آئی سی ٹی پولیس کی کارکردگی اور اسے ماڈل پولیس فورس میں تبدیل کرنے بارے بریفنگ کے موقع پر اظہار خیال

جمعرات 13 دسمبر 2018 22:45

وزیراعظم عمران خان نے آئی سی ٹی پولیس اہلکاروں کیلئے شہداء معاونت ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) پولیس اہلکاروں کیلئے شہداء معاونت پیکج کو ملک کے دیگر حصوں کے برابر کرنے کی تجویز منظور کر لی جبکہ پولیس اہلکاروں کو صحت کی ضروریات مہیا کرنے کیلئے صحت انصاف کارڈز کی فراہمی کی بھی منظوری دیدی گئی۔ وزیراعظم عمران خان جمعرات کو اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری پولیس کی کارکردگی اور اسے ماڈل پولیس فورس میں تبدیل کرنے کے بارے میں بریفنگ کی صدارت کر رہے تھے۔

بریفنگ میں وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی، وزیراعظم کے معاون خصوصی علی نواز، رکن قومی اسمبلی راجہ خرم شہزاد، سیکرٹری داخلہ میجر (ر) اعظم سلمان خان، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ، چیف کمشنر، آئی جی اسلام آباد اور سینئر حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

آئی جی اسلام آباد عامر ذوالفقار خان نے وزیراعظم کو آئی سی ٹی پولیس کی کارکردگی کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے اور وفاقی دارالحکومت کے رہائشیوں میں احساس تحفظ پیدا کرنے کیلئے وزیراعظم کی ہدایات پر اٹھائے گئے مختلف اقدامات کو اجاگر کیا۔

آئی جی اسلام آباد نے فورس کی کارکردگی کو مزید بہتر اور ملک کی ماڈل فورس بنانے کیلئے آئی سی ٹی پولیس کو درپیش مختلف انتظامی، قانونی، مالیاتی اور انسانی وسائل کی رکاوٹوںکے بارے میں آگاہ کیا۔ عامر ذوالفقار خان نے وزیراعظم کو منشیات فروشوں، لینڈ مافیا کے خلاف کریک ڈائون اور تجاوزات کے خلاف مہم کے بارے میں پیشرفت سے بھی آگاہ کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے وفاقی دارالحکومت میں امن و امان برقرار رکھنے اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کے حوالہ سے آئی سی ٹی پولیس کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ آئی سی ٹی پولیس کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے جامع منصوبہ پیش کیا جائے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت آئی سی ٹی پولیس کو عوام کی خدمت اور ایک مثالی پولیس فورس بنانے کیلئے ہر ممکنہ معاونت فراہم کرے گی۔

وزیراعظم نے خدمات کی فراہمی میں بہتری اور کارکردگی کے بارے میں عوامی آراء کے حصول کیلئے آئی سی ٹی پولیس کی طرف سے آئی ٹی سلوشنز کو بروئے کار لائے جانے کو سراہا۔ ڈرگ مافیا بالخصوص تعلیمی اداروں کے اردگرد منشیات فروشوں کے خلاف جاری مہم پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ منشیات کے خلاف مہم کو کامیاب بنانے کیلئے تعلیمی اداروں کے سربراہان اور والدین کو بھی ساتھ لے کر چلا جائے۔ لینڈ مافیا کے خلاف کارروائی اور انسداد تجاوزات مہم کے حوالہ سے وزیراعظم نے آئی سی ٹی انتظامیہ، سی ڈی اے اور آئی سی ٹی پولیس کے مابین وسیع تر رابطہ کی ضرورت اور لینڈ مافیا جس نے وفاقی دارالحکومت میں سرکاری اراضی پر قبضہ کر رکھا ہے، کے خلاف کاوشیں جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات