(ن) لیگ یوتھ ونگ مظفر آباد کا مرکزی قیادت اور آزاد کشمیر حکومت کے عوامی ، فلاحی منصوبوں پر اعتماد کا اظہار

پارٹی قائد محمد نواز شریف اور ان کے خاندان کیخلاف میڈیا ٹرائل، یکطرفہ انتقامی احتساب بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، سہیل اقبال اعوان صدر یوتھ ونگ

ہفتہ 15 دسمبر 2018 15:00

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2018ء) مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ مظفرآباد ڈویژن نے میاں نواز شریف اور ان کے خاندان کیخلاف میڈیا ٹرائل اور یکطرفہ انتقامی احتساب کو بنیادی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے مرکزی جماعتی قیادت اور آزاد کشمیر حکومت کے عوامی ، فلاحی منصوبوں پر اعتماد کا اظہار کردیا ہے ۔ این ٹی ایس ، پبلک سروس کمیشن سمیت فری میڈیکل ایمر جنسی سروسز ، وزیراعظم کمیونٹی انفراسٹرکچر پروگرام کو عوامی توقعات کے مطابق قرار دیتے ہوئے بلدیاتی انتخاب کے انعقاد اور وزیراعظم آزاد کشمیر سے وعدے کے مطابق نوجوانوں کو حکومت کے اندر صوابدیدی عہدوں پر 30فیصد نمائندگی بھی دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔

یوتھ ونگ مظفرآباد ڈویژن کا اجلاس گزشتہ روز ڈویژن صدر مسلم لیگ ن یوتھ ونگ مظفرآباد ڈویژن سہیل اقبال اعوان کی زیر صدارت مظفرآباد میں منعقد ہوا ‘ اجلاس میں ن لیگ مظفرآباد ڈویژن کی تمام تنظیموں کے عہدیداران کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں متفقہ قرارداد یں منظور کی گئیں ۔ اجلاس میں ممبران اسمبلی کی جانب سے نوجوانوں کو یکسر نظر انداز کرنے اور ترقیاتی فنڈز کی من پسند تقسیم کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے صدر جماعت وزیراعظم آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ممبران اسمبلی اور وزراء حکومت کو پابند کریں کہ وہ نوجوانوں کی شکایات کا فوری ازالہ کریں ۔

اجلاس میں قرارداد کے ذریعے حکومت کی احسن کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور پاکستان میں ن لیگ کی قیادت کے خلاف احتساب کے نام پر انتقامی کارروائیوں کی مذمت کی ‘ اجلاس میں وائس چیئرمین آفتاب صدیق ، لیگی رہنما راجہ شاہد لطیف ، ضلعی صدر فواد گیلانی ، جنرل سیکرٹری راجہ توقیر ، سینئر نائب صدر ، راجہ توصیف ، مرزا حسن جرال ، راجہ ساغر ، شفقت خان ، شرافت خلجی ، شفیق انقلابی ، میر عمر بشیر ، سلطان ثاقب ، راجہ اویس الطاف ، فیصل میر ، شیخ یاسر ، حماد میر ، عقیل قریشی ، شاموں پیر ، اسد ، ذیشان عباسی ، ظہیر ترک ، عاصم عباسی ، حسیب ملک ، دانیال اعوان ، احسن عباسی ، ذیشان ملک ، مسعود الیاس ، نعیم عمر ، شیراز احمد ، وقاص کھوکھر ، وقاص قریشی ، ناصر عبداللہ ، عون اعوان اور دیگر نے شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔