خطہ کی مثالی تعمیر وترقی کر کے حکومت خدمت خلق کے ایجنڈے کی تکمیل کررہی ہے،راجہ محمد فاروق حیدر

میرپور کی تعمیر وترقی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ترقیاتی ادارے منصوبہ جات کی تکمیل کے عمل میں کوالٹی اورمعیارکا خاص خیال رکھیں، ترقیاتی محکموں کے افسران ترقیاتی سکیموں کو اندر معیاد مکمل کروائیں ،ترقیاتی منصوبہ جات میں غفلت اور لاپروائی کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی،ترقیاتی جائزہ اجلاس سے خطاب

اتوار 16 دسمبر 2018 16:50

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 دسمبر2018ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ خطہ کی مثالی تعمیر وترقی کر کے حکومت خدمت خلق کے ایجنڈے کی تکمیل کررہی ہے۔میرپور اوورسیزاور متاثرین منگلاڈیم کا شہر اور سی پیک کا حصہ ہے اس حوالے سے میرپور کی تعمیر وترقی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ترقیاتی ادارے منصوبہ جات کی تکمیل کے عمل میں کوالٹی اورمعیارکا خاص خیال رکھیں۔

گریٹر واٹر سپلائی سکیم کی تکمیل تک شہر میں پینے کے صاف پانی کی وافر مقدار میں فراہمی کے لیے تمام ٹیوب ویلز کو فنکشنل بنایاجائے اورسیوریج سسٹم کو مکمل کیا جائے ،رٹھوعہ ہریام برج کی تکمیل، میرپور کی سڑکوں کی مثالی تعمیرکی جائے ، متاثرین منگلا ڈیم کے لیے بنائے جانیوالے نیوسٹی میں بقیہ ترقیاتی کام اور لینڈ سلائیڈنگ کا معاملہ حل کر لیا گیا ہے جبکہ نیوسٹی کے لیے سوئی گیس اور اضافی کنبہ جات سمیت متاثرین منگلا ڈیم کے جملہ حل طلب مسائل حل کریں گے ۔

(جاری ہے)

میرپور میں بننے والا اکنامک زون سے میرپور بین الاقوامی شہر بنے گا.میرپور کی تعمیر وترقی کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ریاست کے وسائل ترقیاتی اداروں کے پاس قوم کی امانت ہیں وہ ان کو قانون و قاعدے کے مطابق عمل میں لائیں۔ ترقیاتی عمل میں شفافیت کا خاص خیال رکھا جائے۔ان خیالات کا اظہا رانھوں نے ترقیاتی جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

ترقیاتی جائزہ اجلاس میں آزادکشمیر کے وزراء چوہدری محمد عزیز ،چوہدری محمد سعید ،چوہدری رخسار احمد ،سید افتخار علی گیلانی ،راجہ صدیق ،ڈاکٹر مصطفی بشیر عباسی ،پرنسپل سیکرٹری راجہ اعجاز احمد خان ،کمشنرمیرپور ڈویژن چوہدری محمد طیب ،ڈی آئی جی یاسین قریشی ، ڈپٹی کمشنر سردار عدنا ن خورشید خان، ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے چوہدری اعجاز رضا،ایڈمنسٹریٹر بلدیہ مرزا طاہر محمود ،ایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل چیئرمین عبدالمالک ،چیف انجینئر برقیات راجہ اعجاز احمد خان ،ایس ایس پی سید ریاض حیدر بخاری ،ایس ای رٹھوعہ ہریام برج شیخ ارشد محمود ، ڈائریکٹر انڈسٹریز ظفر اقبال بٹ ، ایس ای پبلک ہیلتھ انجینئرنگ تنویر قریشی ، ایس ای PMUسجاد بٹ ،ایکسین ہائی وے طاہر محمود بٹ ،ایکسین بلڈنگ ندیم اقبال ،ڈائریکٹر ایم ڈی ایچ اے انعام الحق ،ایکسین برقیات نذیر مغل ،ایکسین برقیات چکسواری راجہ عمر حیات خان ،ایم ایس ڈاکٹر فاروق نور ،اے ڈی لوکل گورنمنٹ طاہر خالق کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے ۔

وزیر اعظم کو تحصیل میرپو رکے تینوں حلقہ جات میرپور ،کھڑی اور حلقہ چکسواری میں جاری ترقیاتی منصوبہ جات کے بارے میں محکموں کے افسران نے بریفنگ دیتے ہوئے اب تک ہونیوالی پراگرس رپورٹ پیش کی ۔وزیر اعظم نے ترقیاتی جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ترقیاتی محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ترقیاتی سکیموں کو اندر معیاد مکمل کروائیں ترقیاتی منصوبہ جات میں غفلت اور لاپروائی کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی ۔انھوں نے افسران کو ہدایات دیں گے وہ اپنے فرائض منصبی قانون اور قاعدے کے مطابق سرانجام دیں دفاتر میں حاضری اور ڈسپلن کو یقینی بنائیں ۔