Live Updates

اسلام آباد ہائیکورٹ: وزیراعظم کیخلاف متفرق درخواست سماعت کیلئے مقرر

چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی سربراہی میں بنچ کل کیس سماعت کرے گا، ایک شہری نے اپنی درخواست میں ٹیریان وائٹ اسکینڈل میں وزیراعظم کو نااہل کرنے کی استدعا کی ہے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 15 جنوری 2019 18:55

اسلام آباد ہائیکورٹ: وزیراعظم کیخلاف متفرق درخواست سماعت کیلئے مقرر
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15 جنوری2019ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کیس میں متفرق درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی ہے، چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی سربراہی میں کل بنچ کیس سماعت کرے گا، ایک شہری نے اپنی درخواست میں ٹیریان وائٹ اسکینڈل میں وزیراعظم کو نااہل کرنے کی استدعا کی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام ہائیکورٹ نے وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کیس میں درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد کورٹ کا ڈویژن بنچ کل دن 12بجے کیس کی سماعت کرے گا۔ ڈویژن بنچ میں چیف جسٹس اطہرمن اللہ اور جسٹس میاں گل اورنگزیب شامل ہیں۔درخواست سماعت کیلئے مقرر کرنے اور بنچ تشکیل دینے کیلئے آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کیلئے ایک شہری حافظ احتشام نے درخواست دائر کی ہے۔درخواست میں اگست 2018ء میں دائر کردہ وزیراعظم عمران خان کی نااہلی پٹیشن کو سماعت کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

شہری نے ٹیریان وائٹ اسکینڈل میں وزیراعظم کو نااہل کرنے کی استدعا کی ہے۔ واضح رہے 4 اگست 2018ء میں اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کووزارت عظمیٰ کا حلف لینے سے روکنے کیلئے درخواست دائر کی گئی تھی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست کو قابل سماعت قراردیا تھا۔ درخواست گزار نے مئوقف اختیار کیا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت رکن قومی اسمبلی اور وزیراعظم کے عہدے کیلئے اہل نہیں ہیں۔

عمران خان نے الیکشن لڑنے کیلئے اپنے کاغذات نامزدگی میں اپنی بیٹی ٹیریان وائٹ کا ذکر نہیں کیا ہے۔ عمران خان کو وزیراعظم بننے سے روکا جائے۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ عدالت وفاقی حکومت کوحکم دے کہ اس ضمن میں امریکا سے تمام مصدقہ چیزیں عدالت میں پیش کرے۔درخواست گزار نے مزید مئوقف اپنایا کہ عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے بھی سنگین نوعیت کے الزامات عائد کیے ہیں۔ جس کے پیش نظر ایسے شخص کا وزیراعظم بننا ملکی سالمیت اور وقار کیخلاف ہے۔ درخواست میں الیکشن کمیشن، اسپیکر قومی اسمبلی اور عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان کوبھی فریق بنایا گیا تھا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات