Live Updates

یہ سیاست کا نہیں بلکہ پوری قوم کے متحد ہونے کا وقت ہے ، عبدالعلیم خان

جمعرات 28 اگست 2025 20:08

یہ سیاست کا نہیں بلکہ پوری قوم کے متحد ہونے کا وقت ہے ، عبدالعلیم خان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اگست2025ء) وفاقی وزیر مواصلات اور صدر استحکام پاکستان پارٹی نے جمعرات کے روز بھی دریائے راوی کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے دورہ کیا اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ سیاست کا نہیں بلکہ پوری قوم کے متحد ہو کرسیلاب اور موجودہ غیر متوقع صورتحال کا سامنا کرنے اور بہتر سے بہتر کام کرنے کا وقت ہے۔

عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر مشکلات میں گھرے عوام کوریلیف فراہم کرنا ہے۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے اس امر کو خوش آئند قرار دیا کہ خیبر پختونخواہ اور سندھ کے وزرائے اعلیٰ نے پنجاب میں سیلاب سے پید اصورتحال میں نہ صرف خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا ہے بلکہ اپنی صوبائی حکومتوں کی طرف سے مدد کی بھی پیشکش کی ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح جب گلگت بلتستان کو سیلاب اور بارشوں کا سامنا تھا تو پنجاب کی طرف سے بھی اسی طرح کی مثبت سرگرمی دیکھنے میں آئی تھی جو ملکی سطح پر اتحاد کا مظہر ہے۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس امر کا یقین دلایا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور محکمہ مواصلات ملک بھر میں شاہراہوں کی دیکھ بھال اور فوری تعمیر و مرمت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گا اور جہاں جہاں بھی سڑکوں کو نقصان پہنچا ہے فوری طور پر بحالی کی کاروائیاں شروع ہو جائیں گی۔

انہوں نے پنجاب حکومت اور متعلقہ انتظامی اداروں کی جانب سے صوبے کے مختلف اضلاع میں سیلاب کی قبل از وقت تیاریوں کو سراہا جس سے لوگوں میں آگاہی پیدا کرنے اور نقصانات میں کمی لانے میں مدد ملی ہے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ دریائے راوی میں پہلے کبھی اس قدر پانی نہیں دیکھا گیا، یہ غیر معمولی صورتحال ہے اور انشائ اللہ ہم سب مل کر اس سے احسن انداز میں نمٹیں گے۔

وفاقی وزیر نے ریسکیو سروسز اور تمام اداروں کی تیاری اور بر وقت کاروائیوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ انشائ اللہ آئندہ 24گھنٹے بھی خیریت سے گزریں گے اور دریائے راوی کے اطراف بالخصوص شاہدرہ کے عوام کو مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ دریں اثنائ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ہمراہ کشتی میں بیٹھ کر دریائے راوی میں ریسکیوسروسز اور دیگر امور کا جائزہ لیا جبکہ سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب اور وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کے ہمراہ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کو ضلعی انتظامیہ اور اے سی راوی ٹاؤن کی طرف سے دریائے راوی میں پانی کی موجودہ صورتحال،ممکنہ خطرات اور اس ضمن میں کی گئی تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔

اس سے قبل کمشنر لاہور اور ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے نے بھی ایک اجلاس میں وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کو دریائے راوی کے گردوپیش بالخصوص این ای117شاہدرہ میں کیے گئے انتظامات سے آگاہ کیا جبکہ ممبر پنجاب اسمبلی شعیب صدیقی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ عبدالعلیم خان نے شاہدرہ کے بعض علاقوں میں دریاکنارے آبادیوں کے متاثر ہونے پر تشویش کا اظہار کیا اور وہاں ہر طرح کی ریسکیوسروسز یقینی بنانے کی ہدایت کی۔۔۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات