Live Updates

قطر ائیرلائن پی آئی اے میں بہتری کیلئے معاونت فراہم کرے گی

پاکستان قطر سے گیس پر چلنے والے 2 پاور پلانٹس بھی خریدے گا، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان 3 ارب ڈالرقرض کا معاہدہ بھی طے پا گیا

muhammad ali محمد علی منگل 22 جنوری 2019 22:59

قطر ائیرلائن پی آئی اے میں بہتری کیلئے معاونت فراہم کرے گی
دوحہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 جنوری2019ء) قطر ائیرلائن پی آئی اے میں بہتری کیلئے معاونت فراہم کرے گی، پاکستان قطر سے گیس پر چلنے والے 2 پاور پلانٹس بھی خریدے گا، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان 3 ارب ڈالرقرض کا معاہدہ بھی طے پا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے بعد ایک اور خلیجی ملک اور معاشی طاقت قطر سے بھی اقتصادی پیکج حاصل کر لیا ہے۔

اس پیکج کے تحت قطر ائیرلائن پی آئی اے میں بہتری کیلئے معاونت فراہم کرے گی۔ دنیا کے سب سے بہترین ائیرلائن قرار دی جانے والی قطر ائیرویز پاکستان کی تباہ حال پی آئی اے میں اصلاحات لانے اور اسے عالمی معیار کی ائیرلائن بنانے کیلئے ہر ممکن طور پر معاونت فراہم کرے گی۔ جبکہ پاکستان سستی بجلی کی پیداوار کے سلسلے میں قطر سے گیس پر چلنے والے 2 پاور پلانٹس بھی حاصل کرے گا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے قطری ہم منصب عبداللہ بن ناصر بن خلیفہ الثانی سے ملاقات بھی کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعاون اقتصادی اور باہمی تعاون پر بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے افغان طالبان سے مذاکرات اور ایل این جی کی قیمتوں کے بارے اورپاکستانیوں کے لیے روزگار کی فراہمی پر بات چیت ہوئی اور اہم معاہدے بھی طے پا ئے گئے۔

قطری ہم منصب نے وزیراعظم عمران خان کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے منگل کو امیر قطرشیخ تمیم بن حمدالثانی سے ون آن ون ملاقات کی ہے۔ون آن ون ملاقات کے بعد دونوں کی وفود کی سطح پر ملاقات بھی ہوئی ۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم پاکستان نے وزیراعظم قطرعبداللہ بن نصر بن خلیفہ التانی سے ان رہائش گاہ پر بھی ملاقات کی ۔

اطلاعات ہیں کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ قطر کے فوائد سامنے آگئے ہیں۔ پاکستان اور قطر کے درمیان 3ارب ڈالر قرض کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔ قطر پاکستان کو تین قسطوں میں قرض کی رقم منتقل کرے گا۔بتایا گیا ہے کہ آئندہ چند روز میں ایک ارب ڈالر اسٹیٹ بینک منتقل کیے جائیں گے جبکہ باقی دوقسطوں میں دیے جائیں گے۔قرض کی رقم کے معاہدے پر گورنر اسٹیٹ بینک نے دستخط کیے ہیں۔

اسی طرح ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان قطری قیادت سے ملاقاتوں میں ایل این جی کی قیمت میں کمی پر بات کریں گے۔اسی طرح پاکستان کوایل این جی ایک سال تک ادھار دینے پر بھی بات ہوگی۔ پاکستان کا ایل این جی کی مدد میں امپورٹ بل 4 ارب ڈالر ہے۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان میں قطر کی سرمایہ کاری پر بھی بات کریں گے۔

بتایا گیا ہے کہ قطر گوادر میں فروزن فروٹ کیلئے اسٹوریج یونٹ قائم کرنے کی خواہش کا اظہار کرچکا ہے۔ وزیراعظم کے دورہ قطر میں ایک لاکھ پاکستانیوں کو روزگار فراہم کرنے کے معاہدے پر دستخط بھی کیے جائیں گے۔ واضح رہے اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے پاکستان میں مالی خسارے کو پورا کرنے مالی امداد، برآمدات میں اضافے کیلئے سرمایہ کاری لانے سمیت دیگر معاہدوں کے لیے دوست ممالک جن میں چین ، ترکی، سعودی عرب ، یواے ای ، ملائشیا کے دورے کرچکے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات