پنجاب بھر میں سردی کی شدید لہر برقرار ،کئی علاقوں میں دھند ،حد نگاہ کم ہونے سے ملتان خانیوال موٹروے کو بند کردیا گیا

مختلف شہروں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری ،آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے زیادہ ترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان

ہفتہ 26 جنوری 2019 13:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2019ء) صوبائی دارلحکومت لاہور سمیت پنجاب بھر میں سردی کی شدید لہر برقرار ہے جبکہ کئی علاقوں میں دھند کے باعث حد نگاہ کم ہونے سے ملتان خانیوال موٹروے کو بند کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب میں سردی نے ہر چیز کو ٹھنڈا ٹھار کر دیاہے۔ شیخوپورہ، اوکاڑہ، چیچہ وطنی، میاں چنوں، خانیوال، بستی ملوک سمیت کئی علاقوں میں دھند چھائی رہی۔

ترجمان موٹرویپولیس کے مطابق حد نگاہ 20میٹر تک رہ جانے پر ملتان خانیوال موٹروے کو بند کر دیا گیا ۔ترجمان موٹروے نے اپیل کی ہے کہ شہری گاڑیوں پر فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ دوسری طرف محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے زیادہ ترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔

(جاری ہے)

تاہم قلات، ژوب اور کوئٹہ ڈویژن میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

جبکہ پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں رات اور صبح کے اوقات میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کاکول، مری، اسلام آباد اور کشمیر میں بعض مقامات پربارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش مری میں 3، اسلام آباد میں ایک ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ مری میں 1.5 انچ برفباری ہوئی۔ سب سے کم درجہ حرارت بگروٹ، کالام میں منفی 12 اور اسکردو میں منفی 11 ریکارڈ کیا گیا۔