علیم خان کو آج احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا

نیب حکام کی جانب سے PTIرہنما کے پندرہ روز جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 7 فروری 2019 10:49

علیم خان کو آج احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7فروری 2019ء) گزشتہ روز نیب نے پنجاب کے سینئر صوبائی وزیر علیم خان کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کے معاملے میں گرفتار کر لیا تھا۔ اس سلسلے میں نیب حکام کا کہنا تھا کہ علیم خان سے اُن کی آف شور کمپنیوں اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کے حوالے سے متعد د سوالات پوچھے گئے تھے، جن میں سے وہ اکثر کے تسلی بخش جوابات نہ دے سکے۔

جس کی بناء پر اُنہیں مزید تفتیش کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔ نیب حکام کے مطابق آج علیم خان کو احتساب عدالت میں پیش کیا جائے جہاں اُن کے پندرہ روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز علیم خان نیب کے دفتر پیش ہوئے تھے۔جہاں اُن سے نیب عدالت نے پُوچھ گچھ کی تھی۔ جہاں نیب نے علیم خان سے 18سوالات کئے جن میں سے وہ صرف3سوالات کے جواب دے سکے اور نیب کو مطمئن کرنے میں ناکام رہے جس کے بعد نیب نے انہیں حراست میں لے لیا۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان چوتھی بار قومی احتساب بیورو کے روبرو پیش ہو ئے تھے۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی رہنما کی ایف زیڈ سی اور اے این اے نامی کمپنیوں میں 90 کروڑ روپے سے زائد کی ٹرانزیکشنز ہوئی تھی۔نجی ٹی وی کے مطابق علیم خان کی مزید 6آف شور کمپنیاں سامنے آئی ہیں۔ صوبائی وزیر بلدیات اس سے پہلے سال 2018ء میں تین بار نیب کی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہو چکے ہیں لیکن تاحال نیب حکام ان کے جمع کروائے گئے ریکارڈ اور بیانات سے مطمئن نہیں ہو سکے۔

ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے اس بار بھی حکومتی رکن کو فنانشل مینجمنبٹ یونٹ، ایف بی آر اور سیکیورٹیز ایکسچینبننج کمیشن آف پاکستان کی اہم دستاویزات ساتھ لانے کا کہا گیا تھا۔ علیم خان سال 2011 میں پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوئے۔ گزشتہ سات سال سے وہ اس جماعت سے وابستہ ہیں۔ اس سے قبل وہ سابق صدر مشرف کے دور میں وزیر کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔