قومی اسمبلی اورسینٹ کے 11اراکین کے خلاف نیب میں تحقیقات جاری

ارکان پارلیمنٹ میں کرپشن کے سب سے زیادہ مقدمات سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف کے خلاف ہیں،رپورٹ

پیر 11 فروری 2019 21:59

قومی اسمبلی اورسینٹ کے 11اراکین کے خلاف نیب میں تحقیقات جاری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 فروری2019ء) قومی اسمبلی اورسینٹ کے 11اراکین کے خلاف نیب میں تحقیقات جاری ہیں ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ارکان پارلیمنٹ کے خلاف قومی احتساب بیورو (نیب) کی تحقیقات جاری ہیں ن لیگ اور پیپلز پارٹی کیساتھ تحریک انصاف کے اراکین بھی زد میں ہیں۔ نیب کی جانب سے سابق صدر آصف زرداری، بلاول بھٹو، شہباز شریف، شاہد خاقان عباسی اور پرویز خٹک سمیت دیگر کو نوٹسز جاری ہو چکے ہیں۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو نیب نے آشیانہ سکینڈل میں جبکہ سعد رفیق کو پیراگون سکینڈل میں کرپشن الزامات پر گرفتار کیا۔ شاہد خاقان عباسی پر ایل این جی، خواجہ آصف پر منی لانڈرنگ، ریاض پیرزادہ پر اختیارات کے ناجائز استعمال اور مریم اورنگزیب کے خلاف اثاثہ جات کیسز پر نیب انکوائری جاری ہے۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور کوچیئرمین آصف زرداری کیخلاف پارک لین انکوائری جبکہ خورشید شاہ کے خلاف اثاثہ جات کیس کی چھان بین ہو رہی ہے۔

ارکان پارلیمنٹ میں کرپشن کے سب سے زیادہ مقدمات سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف کے خلاف ہیں۔ سابق وزیراعظم رینٹل پاور سمیت ایک درجن مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں۔حکمران جماعت تحریک انصاف کے ارکان پارلیمنٹ میں کرپشن کیس ایک رکن وزیر دفاع پرویز خٹک کے خلاف ہے۔ نیب خیبر پختونخوا نے ان کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی سفارش کر رکھی ہے۔