نوازشریف کی دل کی بیماری کا علاج موجود ،خواہش پوری نہیں کرسکتے ، فیاض الحسن چوہان

علاج کے بہانے لندن جانا چاہتے ہیں ،کسی بھی صورت ممکن نہیں ہو سکے گا، صوبائی وزیر اطلاعات

منگل 12 فروری 2019 17:53

نوازشریف کی دل کی بیماری کا علاج موجود ،خواہش پوری نہیں کرسکتے ، فیاض ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 فروری2019ء) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ حکومت کے پاس نوازشریف کی دل کی بیماری کا علاج موجود ہے مگر ان کے دل کی خواہش پوری نہیں کرسکتے کیونکہ وہ علاج کے بہانے لندن جانا چاہتے ہیں اور اب یہ کسی بھی صورت ممکن نہیں ہو سکے گا- جیل میں نوازشریف بیماری کے بہانے ہسپتال جانے کا کہتے ہیں اور ہسپتال پہنچ کر ان کو جیل کی یاد ستانا شروع ہو جاتی ہے - انہوں نے کہاکہ میاں نواز شریف خرابی صحت کا بہانہ بنا کر این آر او مانگ رہے ہیںاور آل شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان ذاتی مفادات کے تحت جھوٹ بول رہے ہیں-انہوں نے کہا کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر نوازشریف کے دل کے معائنہ کے لئے ایک ماہ میں چار میڈیکل بورڈ تشکیل دیئے گئے مگر آل شریف کی تسلی کبھی بھی ممکن نہیںکیونکہ اب ان کے لئے یوم حساب آ چکا ہے اور وہ کسی بھی بہانے سے راہ فرار کی تلاش میں ہیں-ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج راولپنڈی آرٹس کونسل اور پی ٹی آئی یوتھ ونگ سٹی کے صدر عامر آفریدی کی رہائش گاہ پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران کیا-انہوں نے کہا کہ پنجاب میں نئی میڈیا پالیسی بنائی جا رہی ہے جس کے تحت حکومت پنجاب کا محکمہ ڈی جی پی آر ایسے میڈیا ہاؤسز کو سرکاری اشتہارات نہیں جاری کرے گا جو صحافیوں اور میڈیا ورکروں کی تنخواہوں کی ادائیگی میں دو ماہ تک کی تاخیر کرے گا- انہوں نے کہا کہ نئی میڈیا پالیسی کی منظوری صوبائی کابینہ ایک ماہ تک دے گی اور حکومت کی جانب سے تمام قومی اور مقامی اخبارات کو سرکاری اشتہارات بلاتعطل جاری کئے جا رہے ہیں-فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خا ن کی قیادت میں حکومت معاشی بحالی کے لئے شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم پالیسیوں پر کام کر رہی ہے جن کے نتائج آئندہ دو سال تک عوام کے سامنے آنا شروع ہو جائیں گے اور حکومت کی گڈ گورننس کی وجہ سے پی آئی اے کے خسارے میں 95 ارب روپے کی کمی آئی ہے - انہوں نے کہا کہ تمام معاشی اشاریئے بہتری کی نشاندہی کر رہے ہیں ، حالیہ پیش کئے جانے والے منی بجٹ کو اکنامک ریفارمز ایجنڈا کہنا چاہیئے جس کے تحت ٹیکسوں میں کمی کی گئی ہے اور تاجروں سمیت زندگی کے مختلف طبقوں کو ریلیف فراہم کیا گیا ہے -وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کا لائن میں لگ کر بورڈنگ کارڈکا حصول اوراپنے خرچے سے عام فلائیٹ سے عمرہ کی سعادت کے لیئے ارض مقدس روانگی تبدیلی کی ایک اور زندہ مثال ہے ․ انہو ںنے کہا کہ گزشتہ دس سالوں سے نام نہاد خادم اعلی بن کر وی وی آئی پی پروٹوکول کے مزے لوٹنے والے شہباز شریف کو خود ہی پبلک اکائونٹس کمیٹی سے استعفی دے دینا چاہیئی․فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ وائس آف پنجاب اصل میں گلوکاری کے شعبے میں نورجہاں ، نصرت فتح علی خان ، شوکت علی ، عارف لوہار جیسی آوازیں تلاش کرنے کی کوشش ہے اور وائس آف عرب، انڈیا اور امریکہ کی طرز پر وائس آف پنجاب کا گرینڈ فائنل 23-مارچ کو منعقد ہوگا جس میں جیتنے والے کو تین لاکھ روپے انعام دیا جائے گا اور ان سریلی صداؤں کو فلم انڈسٹری سمیت شوبز میں متعارف کرایا جائے گا- انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات پرلاہور میں پرفارمنگ آرٹ اکیڈمی قائم کی جا رہی ہے جو آرٹ کے شعبے میں پنجاب یونیورسٹی سے منظورشدہ چار سالہ ڈگری دے گی - انہوں نے کہا کہ ہیلتھ انشورنس کارڈ کے ذریعے 6 ہزارسے زائد فنکاروں اور ان کے اہل خانہ کو چار لاکھ روپے تک کی سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں طبی سہولیات دی جائیں گی -