Live Updates

عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کی ملاقات

وزیراعظم کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس جاری

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 21 فروری 2019 14:34

عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کی ملاقات
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔21 فروری۔2019ء) وزیر اعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے ملاقات کی ہے جس میں پلوامہ حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے. قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس سے قبل آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی‘ اس موقع پر ملکی سلامتی اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال سمیت افغان امن عمل میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا.

ذرائع کے مطابق ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی صورت حال اور پلوامہ خودکش حملے کے بعد بھارتی دھمکیوں سے متعلق معاملات بھی زیر غور آئے.

(جاری ہے)

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس شروع ہوگیا ہے اجلاس میں میں پلوامہ واقعے اور اس سے پیدا ہونے والی صورتحال اور کلبھوشن یادیوکیس پر غور کیا جائے گا. تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس جاری ہے ، اجلاس میں مسلح افواج کے سربراہان،حساس اداروں کے اعلیٰ حکام شریک ہیں جبکہ وزیرخزانہ اسد عمر ،وزیر دفاع پرویز خٹک ، خارجہ کے وزرا اور وزیر مملکت داخلہ بھی موجود ہیں.

اجلاس میں ملک کی مجموعی سیکورٹی صورتحال اور افغان امن عمل اور پاکستان کی کوششوں کا جائرہ لیا جائے گا اور پلوامہ واقعے اوراس کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر بھی غور ہوگا. اجلاس میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کیس سے متعلق بھی غور کیا جائے گا، دفترخارجہ حکام کلبھوشن یادیوکیس پر بریف دیں گے. خیال رہے بھارتی دہشت گرد کلبھوشن کا معاملہ عالمی عدالت میں زیرسماعت ہے اور پاکستان کے دلائل پر بھارتی وکلا کی جانب سے کوئی جواب سامنے نہیں آیا.

واضح رہے گذشتہ ہفتے مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں کار بم حملے میں42 بھارتی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے، حملے کے فوری بعد بھارت نے پاکستان پر الزام تراشی کا سلسلہ شروع کردیا تھا. بھارت نے الزام لگایا تھا کہ پلوامہ میں حملہ کالعدم جیش محمد کی جانب سے کیا گیا جسے پاکستان کی پشت پناہی حاصل ہے. بعد ازاں پاکستان نے مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے بھارت کے الزامات کو مسترد کردیا تھا اور کہا تھا ہمیشہ سے مقبوضہ وادی میں تشدد کی مذمت کرتے آئے ہیں، بغیر تحقیقات کے بھارتی میڈیا اور حکومت کے الزامات کومسترد کرتے ہیں.
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات