Live Updates

اپوزیشن نےابھی باؤلنگ کروائی نہیں،آدھی ٹیم ہٹ وکٹ بھی ہوچکی

بیٹنگ آرڈر کی نہیں کپتان کی تبدیلی پاکستان کے مفاد میں ہے، خان صاحب!خیریت تھی آج آپ بہت پریشان نظر آئے، اتنی گھبراہٹ کیوں، کیا ہوا؟ قوم کوبتائیں کہ کون آپ کی حکومت گرا رہا ہے۔ ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب کاوزیراعظم کے جلسے پر ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 19 اپریل 2019 18:06

اپوزیشن نےابھی باؤلنگ کروائی نہیں،آدھی ٹیم ہٹ وکٹ بھی ہوچکی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 اپریل 2019ء) پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے ابھی باؤلنگ نہیں کروائی، آدھی ٹیم ہٹ وکٹ ہوچکی، بیٹنگ آرڈر کی نہیں کپتان کی تبدیلی پاکستان کے مفاد میں ہے،خان صاحب!خیریت تھی آج آپ بہت پریشان نظر آئے، اتنی گھبراہٹ کیوں،کیا ہوا؟ قوم کوبتائیں کہ کون آپ کی حکومت گرا رہا ہے۔

انہوں نے وزیراعظم عمران خان کے عوامی جلسے سے خطاب کے ردعمل میں کہا کہ عمران خان صاحب کیا ہوا، خیریت تھی آج آپ بہت پریشان نظر آئے، خان صاحب اتنی گھبراہٹ اور غصہ کیوں؟عمران خان نے کہا کہ کوئی ان کی حکومت گرا رہا ہے۔ عمران خان صاحب آپ قوم کو بتائیں کہ کون آپ کی حکومت گرانا چاہتا ہے؟ آپ کی نالائقی ، نااہلی یا زبان ؟ ابھی تواپوزیشن نے باؤلنگ ہی نہیں کروائی لیکن آدھی ٹیم ہٹ وکٹ ہوچکی ہے۔

(جاری ہے)

ٹیم کا کپتان ہی نالائق ہو توٹیم کیا کرے؟ نالائق ٹیم کا کپتان ہمیشہ نالائق ٹیم کا انتخاب کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان صاحب پاکستان کے مفاد میں بیٹنگ آرڈر کی تبدیلی نہیں کپتان کی تبدیلی پاکستان کے مفاد میں ہے۔عمران خان اب شور کرنے سے بات نہیں بنے گی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ گزشتہ 9مہینے عوام جس کرب سے گزرے آپ کو جواب دینا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ عوام جان گئے ہیں کہ پاکستان ویسے ہی چل رہا ہے جیسے پشاور کی میٹرو چل رہی ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ کابینہ میں ردوبدل کے بعد محمود خان، شاہ فرمان اور بزدار گھبرانے والی لسٹ میں شامل ہوگئے۔دوسری جانب اپوزیشن جماعت پیپلزپارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے وفاقی کابینہ میں اکھاڑ پچھاڑ اور وزیرخزانہ اسد عمر کے استعفے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اعتراف کرلیا کہ 8 مہینے تک وزراء کی کارکردگی ناقص رہی۔

انہوں نے کہا کہ نااہلی سے بڑی کرپشن کوئی نہیں اورعمران خان سے بڑا نااہل کوئی نہیں ہے۔شیری رحمان نے کہا کہ سیاست کوئی کرکٹ نہیں ہے کہ 8 مہینوں کی تباہی کے بعد ٹیم بدل دی جائے۔عمران خان نے اس ٹیم کو ہی بدل دیا جس کی بنیاد پر ووٹ ملے تھے۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی پر تنقید کرنے والے وزیراعظم نے پی پی کے وزیرخزانہ کو منتخب کرلیا۔ سوال یہ ہے کہ اگر پیپلزپارٹی کے دورحکومت کی معاشی پالیسیاں غلط تھیں تو پیپلزپارٹی کے وزیرخزانہ کو کیوں منتخب کیا گیا۔ شیری رحمان نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کے دور میں 10سالوں کا ریکارڈ قرضہ لیا گیا۔ جبکہ عمران خان اپنی نااہلی چھپانے کیلئے الزام اپوزیشن پر لگا رہے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات