ہمیں اپنی مسلح افواج پاکستان پر پوراعتماد ہے، ہمارے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے،

اس کی جسمانی و حربی صلاحتیں ہندوستانی فوج سے کئی گنا بہتر ہیں ۔وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمدفاروق حیدر خان

پیر 22 اپریل 2019 22:53

باغ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2019ء) وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمدفاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ ہمیں اپنی مسلح افواج پاکستان پر پوراعتماد ہے یہ ہماری اپنی فوج ہے اور ہمارے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے ۔ اس کی جسمانی و حربی صلاحتیں ہندوستانی فوج سے کئی گنا بہتر ہیں ۔ پا ک آرمی کے نوجوانوں نے جس بہادری اور جواں مردی کے ساتھ آج یہاں اپنے فن کا مظاہرہ کیا اس سے پتہ چلا ہے کہ ہماری افواج نہ صرف اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنا جانتی ہے کے ساتھ ساتھ اپنی عوام کو تفریحی کے بہترین مواقع بھی فراہم کر رہی ہے ۔

ایسے تفریحی پروگرامات سے لوگوں میں ڈپریشن ختم ہو تی ہے ۔ پاک آرمی کے جوانوں اور سکولوں کے بچوں نے جو خوبصورت پروگرام پیش کیے اس سے اس ایونٹ کو چار چاند لگے ۔

(جاری ہے)

سابق اولمپئین چیمپئن سردار محمد حسین خان سٹیڈیم کمپلیکس باغ پوری دنیا کے نقشے میں باغ کی پہچان بنے گا۔ اس میں سول انتظامیہ اور آرمی کے کو آرڈی نیشن سے گزشتہ سال اور اس سال جو سپرنگ فیسٹول منعقد کیا گیا ہے اس کے بہترین انتظامات پر میں منتظمین کو مبارکباد دیتا ہوں۔

باغ والے اس سٹیڈیم کو کھیلوں سے آباد کریں ۔ اس کو جدید طرز بنانے کے لیے اس کی تمام ضروریات اور فنڈز مہیا کیے جائیں گے ۔ نالہ ماہل کی طرف حفاظتی بند لگائے جائیں گے اور ایک بائی پاس روڈ باہر کی طرف سے نکالی جائے گی تا کہ اس کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہو۔ اس طرح کے تفریحی پروگرامات پورے آزاد کشمیر میں کرائے جا رہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز باغ سپرنگ فیسٹول میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر تے ہوئے کیا۔

اس موقع پر وزیر جنگلات سردار میر اکبرخان ، وزیر اطلاعات سیاحت راجہ مشتاق احمد منہاس، کمشنر پونچھ ڈویژن عبدالحمید مغل ، بریگیڈ کمانڈر امجد اقبال، ضلعی آفیسران ، آرمی آفیسران ، سول سوسائٹی ، صحافی ، وکلاء کے علاوہ فیسٹول میں ہزاروں کی تعداد میں خواتین اور بچے موجود تھے ۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ ہمارے بچوں اور لوگوں میں ٹیلنٹ موجود ہے اس چھپے ہوئے ٹیلنٹ کو ابھارنے کے لیے انہیں ایسے مواقع مہیا کرنے چاہیے ۔

سپرنگ فیسٹول باغ میں بچوں اور لوگوں کو یہ مواقع مہیا کر کے شاندار ایونٹ منعقد کیا گیا۔ ضلع باغ کا یہ سٹیڈیم خوبصورت سٹیڈیم ہے اس کو بجٹ میں ضرورت کے مطابق فنڈز دئیے جائیں گے اور اس کی تمام ضروریات پوری کی جائیں گی۔ باغ کے دونوں وزراء کرام باغ کے جو بھی مسائل ہیں وہ ہم ملکر حل کرینگے ۔ ایرا کے ڈپٹی چیئرمین سے ان منصوبوں کے حوالے سے بات ہو چکی ہے ۔

اس موقع پر آرمی کے سپیشل سروسز گروپ کے جوانوں نے خوبصورت جمناسٹک ، کراٹے اور دیگر کرتب دیکھائے ۔ پاک فوج کے جوانوں نے گھوڑوں پر رقص اور سلامی پیش کی ۔ گھڑ سواروں نے آرمی بینڈ پر سلامی بھی دی ۔ آزاد کشمیر پولیس کے دستے نے بینڈ پر خوبصورت دھنوں میں عارفانہ کلام پیش کیے ۔ اس موقع پر پیرا گلائیڈنگ کے مظاہرے بھی ہوئے ۔ پاک آرمی کے آفیسران اور جوانوں نے پیرا شوٹ کے ذریعے سٹیڈیم میں لینڈنگ کی جس کو معزز مہمانوں و دیگر نے بہت سراہا ۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے فیسٹول میں بہترین خدمات انجام دینے والے آرگنائزنگ کمیٹی کے ممبران کو شیلڈیں دیں ۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر کو وزیر جنگلات سردار میراکبر اور بریگیڈ کمانڈر امجد اقبال نے سپرنگ فیسٹول کی سونیئر پیش کیا۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے بہتر کارکردگی دکھانے والوں میں بریگیڈ کمانڈر باغ امجد اقبال ، وزیر جنگلات سردار میر اکبر خان ، ایم ڈی سمال انڈسٹریز سردار جاوید اقبال ، کمشنر پونچھ عبدالحمید مغل ، ڈپٹی کمشنر باغ سردار وحید خان ، ایس پی باغ جمیل احمد جمیل ،ناظم سیاحت سردار خالد ثاقب، اسسٹنٹ کمشنر چکار سردار عبدالقادر خان ، اسسٹنٹ کمشنر باغ یاسر محمود ، ڈاکٹر شبیر شیخ ، سردار محمد خورشید خان ، سید اخلاق گردیزی ، سردار عاطف نعیم ، سردار ذوالفقار صادق، تحصیل دار باغ قمر عباس کاظمی ، خالد کھوکھر ، سید افراز گردیزی ، راجہ مہتاب اشرف ، آرمی آفیسرا ن میجر طیب ، میجر بدر ، کپٹن علی ذیشان ، لفٹنٹ کرنل محمد اکرم ، سول سوسائٹی کے محمد سعید خان ، حضرتیمور ، راجہ سجاد ، راجہ شکیل ، محکمہ برقیات کے لائن سپرنٹنڈنٹ محمد صیاد خان ، آرمی پبلک سکول کی ٹیچرز مس سمیرا، مس طاہر ہ شکیل ،مس فہمیدا رفیق کو شیلڈ زدیں۔

بعد ازاں وزیر اعظم آزاد کشمیر نے فیسٹول میں مختلف محکمہ جات ، این جی اوز ، سول سوسائٹی ، فارمرز ، ایگری کلچر ، کسان ، دستکاری ، پیپر ماشی ، ہینڈی کرافٹ ، ٹیوٹا ، زراعت ، جنگلات ، سیاحت ، سمال انڈسٹریز ، لبریشن سیل ، صحت عامہ ، محکمہ امور حیوانات ، کتاب میلہ کا وزٹ کیا اور سٹالز کا بھی معائنہ کیا ۔ فیسٹول میں روائتی چیزیں ستر سال قبل روائتی کلچر تھیں وہ خصوصی طور پر رکھی گئیں تھی۔