مقبوضہ کشمیر،آغاسید حسن کا محمد یاسین ملک کی بگڑتی صحت پر اظہار تشویش

بھارتی حکومت یاسین ملک کی صحت و سلامتی سے متعلق کشمیریوں کے خدشات دورکرے، حریت رہنماء

منگل 23 اپریل 2019 23:08

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2019ء) مقبوضہ کشمیر میں سینئر حریت رہنما اور انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغاسید حسن الموسوی الصفوی نے دہلی کی تہاڑ جیل میں نظربندجموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے علیل چیئرمین محمد یاسین ملک کی بگڑتی ہوئی صحت پر گہری تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اطمینان بخش طبی سہولیات فراہم کرنا بھارتی حکومت کی ذمہ داری ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آغا حسن نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ یاسین ملک کی صحت و سلامتی سے متعلق کشمیری قوم کے خدشات دور کرے۔ انہوں نے کہاکہ وہ ایک حریت پسند سیاسی رہنما ہیں اور بھارت حریت پسندکشمیری نظربندوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بھارت سیاسی قیدیوں کے بارے میں بین الاقوامی قوانین اور اصول و ضوابط کی کھلی خلاف ورزی کررہا ہے۔

حریت رہنما نے کہاکہ حریت پسندکشمیری نظربندوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک بھارت کی پالیسی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جہاں ایک قدآور سیاسی رہنما کی زندگی کے ساتھ اس طرح کا کھلواڑ کیا جارہا ہو وہاں عام حریت پسند کشمیریوں کی حالت زار کیا ہوگی۔ آغا حسن نے کہا کہ گزشتہ کئی سال سے جیلوں میں نظربندکشمیری حریت پسندوں کے ساتھ ظلم وجبر کے واقعات تسلسل کے ساتھ رونما ہورہے ہیں اور کشمیری سیاسی قیدی جیلوں میں احساس عدم تحفظ کے شکار ہیں۔ آغا حسن نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیری سیاسی قیدیوں کے ساتھ جیلوں میں روا رکھے جانے والے غیر انسانی سلوک کا سنجیدہ نوٹس لے۔