صمد انقلابی کوکوٹ بھلوال جیل کے تنگ و تاریک سیل میں قید تنہائی میں رکھا گیا ہے

عبدالصمد انقلابی کو ذہنی اور جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور انکی صحت خطرناک حد تک گرچکی ہے‘بھائی محمد یوسف

جمعرات 25 اپریل 2019 13:33

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2019ء) مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی طور پر نظر بند حریت رہنما اور اسلامی تنظیم آزادی کے چیئرمین عبدالصمد انقلابی کو جموںکی کوٹ بھلوال جیل کے ایک تنگ و تاریک سیل میں قید تنہائی میں رکھا گیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق نظر بند ررہنما کے بھائی محمدیوسف نے ایک انٹرویو میں کہا کہ عبدالصمد نے اپنے اورکوٹ بھلوال میں غیر قانونی طور پر نظر بنددیگر کشمیریوں کے ساتھ جیل انتظامیہ کے ناروا سلوک کے خلاف بھوک ہڑتال شروع کر دی تھی جس کے بعد جیل انتظامیہ نے تین ہفتے قبل انہیں ایک چھوٹے سیل میں قید تنہائی میں ڈال دیا ۔

محمد یوسف نے کہا کہ انکے بھائی نے قید تنہائی میں بھی بھوک ہڑتال جاری رکھی ہوئی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ عبدالصمد انقلابی کو ذہنی اور جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور انکی صحت خطرناک حد تک گرچکی ہے ۔

(جاری ہے)

محمد یوسف نے اپنے بھائی کی نظر بندی کو غیر قانونی اور بلا جواز قرار دیتے ہوئے انکی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ ضلع بانڈی پورہ کے علاقے گنستان سمبل کے رہائشی عبدالصمد انقلابی کو بھارتی پولیس نے گزشتہ برس 25دسمبر کو گرفتار کر لیا تھا ۔ ان پر رواں برس 12جنوری کو کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کر کے جموںخطے کی کوٹ بھلوال جیل میں منتقل کیا گیا۔